Dawn News Television

شائع 11 دسمبر 2016 08:08pm

جان سینا آج کل کیا کررہے ہیں؟

جان سینا ڈبلیو ڈبلیو ای کے مقبول ترین ریسلرز میں سے ایک ہیں جن کے چاہنے والوں کی تعداد پاکستان میں بھی کم نہیں مگر آج کل فلمی اور ٹی وی مصروفیات کی بناءپر ریسلنگ کے رنگ سے دور ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ وہ رنگ میں ایکشن میں نظر نہیں آتے مگر گزشتہ دنوں ان کی ایسی ویڈیوز سامنے آئی جو چہرے پر مسکراہٹ بکھیر دیتی ہیں۔

جان سینا آج کل ایک امریکی ٹی وی پروگرام کی میزبانی کررہے ہیں جس کے دوران مختلف بھیس بدل کر پرمزاح انداز سے جوابات دے کر لوگوں کو ہنسنے پر مجبور کردیتے ہیں۔

اس سے قبل اکتوبر میں ہالووین کے موقع جان سینا اور ان کی گرل فرینڈ نکی بیلا نے ایسا بہروپ بدلا کہ پرستار دیکھ کر دنگ رہ گئے۔

درحقیقت ان دونوں نے ایک دوسرے کا بہروپ بنایا اور ایک ویڈیو میں ایک دوسرے کے ڈبلیو ڈبلیو ای انٹرنس میوزک کے ساتھ انٹری کی۔

مزید پڑھیں : ڈبلیو ڈبلیو ای جان سینا سے تنگ؟

جان سینا کا بہروپ واقعی چونکا بلکہ دنگ کردینے والا تھا جس نے لوگوں کو بے اختیار مسکرانے پر مجبور کردیا۔

جان سینا — اسکرین شاٹ

اس بہروپ بدلنے کے مقابلے میں جان سینا واضح طور پر کامیاب نظر آئے جنھوں نے نکی بیلا کا روپ بہترین انداز سے نبھایا۔

یہ ویڈیو نکی بیلا نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر شیئر کی جسے آپ اس لنک پر جاکر دیکھ سکتے ہیں اور آپ کو جان سینا کو دیکھ کر واقعی یقین نہیں آئے گا۔

واضح رہے کہ جان سینا پندرہ بار ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت چکے ہیں اور انہیں رک فلیر کا ریکارڈ برابر کرنے کے لیے مزید ایک اور ٹائٹل کی ضرورت ہے۔

Read Comments