Dawn News Television

شائع 22 دسمبر 2016 12:31am

مچھلی موٹاپے سے بچاؤ کے لیے مفید

مچھلی کو اپنی غذا کا حصہ بنالینا درمیانی عمر میں جسم کے پھیلاﺅ کی روک تھام میں مدگار ثابت ہوسکتا ہے۔

یہ بات جاپان میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔

کیوٹو یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ مچھلی کے تیل میں پائے جانے والے اومیگا تھری فیٹس جسم کے اندر موجود چربی کے 'برے' خلیات کو صحت مند میں تبدیل کردیتے ہیں جس سے کیلیوریز جلتی ہیں اور جسمانی وزن بڑھتا نہیں۔

عام طور پر اڈھیر عمری یا درمیانی عمر میں یہ صحت مند فیٹ سیلز کم ہونے لگتے ہیں جس کے باعث کمر پھیلنا شروع ہوجاتی ہے۔

تحقیق کے دوران دو اقسام کے جسمانی فیٹ کو جانچا گیا اور چوہوں پر ہونے والے تجربات سے معلوم ہوا کہ مچھلی کے تیل نے خراب خلیات کو صحت مند میں تبدیل کردیا۔

محققین کا کہنا ہے کہ یہ تو پہلے بھی طبی تحقیقی رپورٹس میں سامنے آچکا ہے کہ مچھلی کے تیل کے متعدد طبی فوائد ہیں مگر یہ پہلی بار سامنے آیا ہے کہ یہ چربی کے خلیات کو درست رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے دوران چوہوں کو چار ماہ تک مچھلی کے تیل سے بھرپور غذا دی گئی جس کے بعد جسمانی وزن میں 10 فیصد اور چربی میں 25 فیصد کمی دیکھی گئی۔

محققین کے مطابق اومیگا تھری فیٹی اسیڈز دل کی صحت کے لیے بھی بہترین ہوتے ہیں جبکہ اس کا استعمال خون کی شریانوں کی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔

Read Comments