Dawn News Television

اپ ڈیٹ 29 دسمبر 2016 09:05pm

کراچی میں بھی شوکت خانم ہسپتال کا سنگ بنیاد

کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کراچی میں بھی شوکت خانم کینسر ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب ڈیفنس فیز نائن میں ہوئی۔

ہسپتال سے علاج کرانے والے بچے نے سنگ بنیاد کی تختی کی نقاب کشائی کی۔

عمران خان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے — فوٹو: ڈان نیوز

عمران خان نے تقریب سے خطاب کے دوران پاکستان کا سب سے بڑا کینسر ہسپتال 3 سال میں مکمل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’شوکت خانم ہسپتال میں 1994 سے اب تک مفت علاج پر 26 ارب روپے خرچ ہوئے، مالداروں نے حوصلہ افزائی تو بہت کی لیکن پیسہ سب سے زیادہ بچوں نے دیا۔‘

انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہسپتال کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کا بھی تفصیلی ذکر کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کامیابی حاصل کرنے کے لیے کشتیاں جلانی پڑتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہسپتال کیلئے زمین دینے پر آرمی چیف کا شکریہ

ہسپتال کیلئے زمین نواز شریف نے فراہم کی،مریم اورنگزیب

ہسپتال کے سنگ بنیاد کے بعد وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ ’1990 میں نواز شریف نے عمران خان کو شوکت خانم کے لیے زمین فراہم کی تھی، جبکہ عمران خان جھوٹ بول کر حقائق نہیں بدل سکتے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان اگر احسان مند نہیں ہوسکتے تو احسان فراموش بھی نہ بنیں، جبکہ ان کی ہسپتال پر سیاست مایوس کن ہے۔‘

مزید پڑھیں: پشاور میں شوکت خانم ہسپتال کا افتتاح

واضح رہے کہ عمران خان نے رواں سال فروری میں کراچی میں ہسپتال کی تعمیر کے لیے زمین دینے پر سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا شکریہ ادا کیا تھا۔

عمران خان اب تک لاہور اور پشاور میں کینسر کے علاج کے ہسپتال تعمیر کروا چکے ہیں، پہلا ہسپتال لاہور میں قائم کیا تھا جبکہ دوسرا ہسپتال پشاور میں بنایا جس کا افتتاح 29 دسمبر 2015 کو ہوا تھا۔

پشاور کے ہسپتال کی تعمیر کے لیے عمران خان صوبائی حکومت نے 50 کنال زمین اور 5 کروڑ روپے عطیہ دیا تھا البتہ اس پر مجموعی طور پر 2 ارب روپے لاگت آئی تھی۔

Read Comments