کراچی میں بھی شوکت خانم ہسپتال کا سنگ بنیاد

اپ ڈیٹ 29 دسمبر 2016
شوکت خانم ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا جارہا ہے — فوٹو: بشکریہ پی ٹی آئی
شوکت خانم ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا جارہا ہے — فوٹو: بشکریہ پی ٹی آئی

کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کراچی میں بھی شوکت خانم کینسر ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب ڈیفنس فیز نائن میں ہوئی۔

ہسپتال سے علاج کرانے والے بچے نے سنگ بنیاد کی تختی کی نقاب کشائی کی۔

عمران خان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے — فوٹو: ڈان نیوز
عمران خان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے — فوٹو: ڈان نیوز

عمران خان نے تقریب سے خطاب کے دوران پاکستان کا سب سے بڑا کینسر ہسپتال 3 سال میں مکمل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’شوکت خانم ہسپتال میں 1994 سے اب تک مفت علاج پر 26 ارب روپے خرچ ہوئے، مالداروں نے حوصلہ افزائی تو بہت کی لیکن پیسہ سب سے زیادہ بچوں نے دیا۔‘

انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہسپتال کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کا بھی تفصیلی ذکر کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کامیابی حاصل کرنے کے لیے کشتیاں جلانی پڑتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہسپتال کیلئے زمین دینے پر آرمی چیف کا شکریہ

ہسپتال کیلئے زمین نواز شریف نے فراہم کی،مریم اورنگزیب

ہسپتال کے سنگ بنیاد کے بعد وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ ’1990 میں نواز شریف نے عمران خان کو شوکت خانم کے لیے زمین فراہم کی تھی، جبکہ عمران خان جھوٹ بول کر حقائق نہیں بدل سکتے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان اگر احسان مند نہیں ہوسکتے تو احسان فراموش بھی نہ بنیں، جبکہ ان کی ہسپتال پر سیاست مایوس کن ہے۔‘

مزید پڑھیں: پشاور میں شوکت خانم ہسپتال کا افتتاح

واضح رہے کہ عمران خان نے رواں سال فروری میں کراچی میں ہسپتال کی تعمیر کے لیے زمین دینے پر سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا شکریہ ادا کیا تھا۔

عمران خان اب تک لاہور اور پشاور میں کینسر کے علاج کے ہسپتال تعمیر کروا چکے ہیں، پہلا ہسپتال لاہور میں قائم کیا تھا جبکہ دوسرا ہسپتال پشاور میں بنایا جس کا افتتاح 29 دسمبر 2015 کو ہوا تھا۔

پشاور کے ہسپتال کی تعمیر کے لیے عمران خان صوبائی حکومت نے 50 کنال زمین اور 5 کروڑ روپے عطیہ دیا تھا البتہ اس پر مجموعی طور پر 2 ارب روپے لاگت آئی تھی۔

تبصرے (2) بند ہیں

moin Dec 29, 2016 05:55pm
@ Minister for Information ...for your information Nawaz shareef nay jo jaga dee woo govt kay hisab say aur jo General nay de woo .....
KHAN Dec 29, 2016 06:10pm
السلام علیکم: احسان فراموش سے احسان جتانے والے زیادہ برے ہوتے ہیں۔ دریں اثنا اگر یہ اسپتال ڈی ایچ اے کو سندھ حکومت کی جانب سے دی گئی زمین کے بجائے سندھ حکومت کی اپنی زمین پر کراچی اور حیدرآباد کے درمیان بنتا تو اس سے سندھ حکومت کی نیک نامی ہی ہوتی، ڈی ایچ اے فیز 9 میں تو اندر جانا ہی عوام اور مریضوں کے لیے مصیبت ہوگا۔ عمران خان اور دیگر مخیر افراد سے گزارش ہے کہ وہ فلاحی سرگرمیاں غریب علاقوں میں کریں، اندرون سندھ رتو ڈیرو یا جیکب آباد ایک ایسا مقام ہے جہاں کے قریب کینسر اسپتال بننے اور علاج کی سہولتیں فراہم کرنے سے سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے مریضوں اور تیمارداروں کی مشکلات کم ہوسکتی ہیں۔ تاہم عمران خان کو زمین یا فنڈ دینے کے بعد ن لیگ کی طرح جتایا نہ جائے۔ خیرخواہ