Dawn News Television

شائع 30 دسمبر 2016 07:32pm

مجھے اپنی رائے دینے سے ڈر لگتا ہے، کرن جوہر

بولی وڈ فلم 'اے دل ہے مشکل' کی ریلیز کے دوران ملنے والی دھمکیوں اور مشکلات کے بعد ہدایت کار اور پروڈیوسر کرن جوہر اپنے خیالات کا اظہار کرنے سے بھی ڈرنے لگے ہیں۔

بولی وڈ راونڈ ٹیبل 2016 کے دوران ہندوستان صحافی راجیو مساند سے بات کرتے ہوئے کرن جوہر کا کہنا تھا کہ 'میں اپنی سوچ میں بے انتہا آزاد ہوں، لیکن مجھے اب ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میں کچھ بول نہیں سکتا، مجھے ایسا لگتا ہے کہ میں خاموش رہنے والے افراد کے گروپ میں شامل ہوچکا ہوں'۔

مزید پڑھیں: 'پاکستانیوں کے ساتھ فلم بنانے والوں کو گلیوں میں ماریں گے'

واضح رہے کہ اپنی فلم 'اے دل ہے مشکل' میں پاکستانی اداکار فواد خان کو کاسٹ کرنے پر کرن جوہر کو ہندو انتہا پسند جماعتوں کی جانب سے دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا، انتہا پسند جماعت نے ان کی فلم کی ریلیز میں بھی کئی مشکلات ڈالی، جس کے بعد کرن جوہر نے ایک ویڈیو ریلیز کی، جس میں انہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ اب سے کسی پاکستانی فنکار کے ساتھ کام نہیں کریں گے'۔

اس حوالے سے کرن جوہر کا اس شو کے دوران مزید کہنا تھا کہ 'مجھے اب اپنی بات پر آواز اٹھانے سے ڈر لگتا ہے، مجھے رائے دینے سے ڈر لگتا ہے، مجھے ڈر لگتا ہے کہ پھر میری فلم کی ریلیز کے موقع پر کیا ہوگا'۔

یہ بھی پڑھیں: ’مجبور‘ کرن جوہر کا بھی پاکستانی فنکاروں کےساتھ کام سے انکار

کرن جوہر کی پروڈکشن میں بننے والی اگلی فلم 'اوکے جانو' اگلے سال 13 جنوری کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

اس فلم میں شردھا کپور اور ادیتیہ روئے کپور اہم کردار کرتے نظر آئیں گے۔

Read Comments