پاکستان

ایل او سی پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ، 3 افراد زخمی

چری کوٹ سیکٹر میں بھارتی گولہ باری کا سلسلہ شام 4 بج کر 40 پر شروع ہوا جو 5 بج کر 40 منٹ تک جاری رہا، آئی ایس پی آر
|

مظفر آباد: دو ہفتے کی خاموشی کے بعد لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا علاقہ ایک بار گولیوں کی گھن گرج سے گونج اٹھا اور بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے 3 شہری زخمی ہوگئے۔

ضلع پونچھ کے جنوبی علاقے عباس پور سے سیاسی عہدیدار محمد الیاس نے ڈان کو بتایا کہ ’بھارتی فوج کی جانب سے گولہ باری عصر اور مغرب کے درمیان کی گئی، جس سے تاروتی گاؤں کے 3 شہری زخمی ہوگئے۔

پولیس اہلکار نے زخمیوں کی شناخت 57 سالہ محمد مشتاق، ان کے بیٹے 20 سالہ شہباز مشتاق اور 20 سالہ ذیشان امین کے ناموں سے کی۔ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی: بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق

دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے نئے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’چری کوٹ سیکٹر میں بھارت کی جانب سے گولہ باری کا سلسلہ شام 4 بج کر 40 پر شروع ہوا جو 5 بج کر 40 منٹ تک جاری رہا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی اشتعال انگیزی کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا۔

مزید پڑھیں: ایل او سی: بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ، شہری جاں بحق

لائن آف کنٹرول پر آخری بار 16 دسمبر کو جانی نقصان ہوا تھا، جب ضلع کوٹلی اور نکیال سیکٹر میں ایک شخص ہلاک اور اسکول جانے والے 8 بچے زخمی ہوئے تھے۔

قبل ازیں بھارتی فوج کی جانب سے 23 نومبر کو وادی نیلم میں بس کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں 11 مسافر ہلاک ہوگئے تھے۔