Dawn News Television

اپ ڈیٹ 18 جنوری 2017 05:27pm

کراچی ایٹ فیسٹیول بارش کے باعث ملتوی

کراچی میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کے باعث ’ایٹ فیسٹیول‘ ملتوی کردیا گیا۔

کراچی ایٹ فیسٹیول کی انتظامیہ نے شہر میں گزشتہ دو روز سے جاری بارش اور اس کی مزید پیش گوئی کے باعث ایونٹ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔

کراچی ایٹ فیسٹیول کا انعقاد اب فریئر ہال میں 20 سے 22 جنوری کو ہوگا۔

ایٹ فیسٹیول کی انتظامیہ نے نئی تاریخوں کا اعلان فیس بک پوسٹ کے ذریعے کیا۔

انتظامیہ نے فیسٹیول ملتوی ہونے کے ساتھ اس کے نئے اوقات کا بھی اعلان کیا، جس کے مطابق جمعہ 20 جنوری کو فیستیول میں شرکت کے اوقات شام ساڑھے 4 سے رات ساڑھے 10 بجے تک جبکہ 21 اور 22 جنوری کو دوپہر 12 بجے سے رات ساڑھے 10 بجے تک ہوں گے۔

واضح رہے کہ قبل ازیں کراچی ایٹ فیسٹیول کے لیے 13 تا 15 جنوری کی تاریخوں کا اعلان کیا گیا تھا، لیکن مسلسل بارش کے باعث ایونٹ کا پہلا روز بھی بری طرح متاثر ہوا تھا۔

Read Comments