Dawn News Television

شائع 15 جنوری 2017 05:57pm

فلم فیئر ایوارڈز کا میلہ دنگل کے نام

بولی وڈ کے سب سے بڑے فلم فیئر ایوارڈز کا میلہ دنگل نے لوٹ لیا جبکہ ایوارڈز کے لیے نامزد کوئی بھی پاکستانی فنکار یہ اعزاز اپنے نام نہ کرسکا۔

پاکستان میں بیشتر نگاہیں بھارت میں گزشتہ شب منعقد ہونے والے فلم فیئر اپوارڈز کے سوشل میڈیا فیڈ پر مرکوز تھیں، جس کی وجہ یہ نہیں تھی کہ یہ بولی وڈ کے سب سے بڑی فلمی ایوارڈز ہیں۔

اس کی وجہ چار پاکستانی فنکاروں، فواد خان، راحت علی خان، قرة العین بلوچ اور عاطف اسلم کی فلم فیئر ایوارڈز کی مختلف کیٹیگریز میں نامزدگیاں تھیں۔

یہ نامزدگیاں اس وقت ہوئی جب بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔

مگر کوئی بھی پاکستانی فنکار گزشتہ شب منعقد ہونے والے ایوارڈز کو جیت نہیں سکا۔

فواد خان کو معاون اداکار کی کیٹیگری میں فلم 'کپور اینڈ سنز' کے لیے نامزد کیا گیا تھا اور یہ ایوارڈ اسی فلم میں کام کرنے والے رشی کپور نے اپنے نام کیا۔

راحت فتح علی خان کو فلم سلطان کے گیت 'جگ گھومیا' جبکہ عاطف اسلم کو فلم رستم کے گیت 'تیرے سنگ یارا' کے لیے بہترین میل سنگر کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا تھا مگر یہ اعزاز 'اے دل ہے مشکل' گانے والے ارجیت سنگھ نے جیتا۔

بہترین فیمیل سنگر کے لیے پاکستانی گلوکارہ قرة العین بلوچ نامزد تھیں مگر یہ ایوارڈ فلم سلطان میں 'جگ گھومیا' گانے والی نیہا بھشین کے نام رہا۔

عامر خان کو 'دنگل' کے لیے بہترین اداکار جبکہ عالیہ بھٹ کو 'اڑتا پنجاب' کے لیے بہترین اداکارہ قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے آخری بار 2002 میں فلم لگان پر عامر خان کو یہ ایوارڈ دیا گیا تھا تاہم بولی وڈ کے مسٹر پرفیکٹ ایوارڈز تقاریب میں شرکت نہیں کرتے اور وہ خود کہتے ہیں کہ انہیں ایوارڈز جیتنے میں کوئی دلچسپی نہیں۔

بہترین فلم اور ڈائریکٹر کے ایوارڈز بھی دنگل کے نام رہے۔

اسی طرح کریٹک کی جانب سے بہترین فلم نیرجا، اداکارہ سونم کپور (نیرجا) اور بہترین اداکار شاہد کپور (اڑتا پنجاب) اور منوج باجپائی (علی گڑھ) قرار پائے۔

Read Comments