ترکی نائٹ کلب فائرنگ:'ازبک حملہ آور نےافغانستان میں تربیت لی'
انقرہ:ترکی کی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ سال نو کے موقع پر استنبول کے نائب کلب پر حملہ کرنے والے دہشت گرد کا تعلق ازبکستان سے ہے، جس نے افغانستان میں تربیت حاصل کی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ نائٹ کلب پر حملہ کرنے والے گرفتار ملزم سے پولیس نے تفتیش کی ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی حملے کے پیچھے چھپے مقاصد کو سامنے لایا جائے گا۔
ترک وزیراعظم نے گرفتار ملزم سے کی جانے والی تفتیش سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
دوسری جانب حکومتی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ حملے میں ملوث ملزم سے کی جانے والی تحقیقات کی تفصیلات مناسب وقت پر سامنے لائی جائیں گی۔
رپورٹس کے مطابق استنبول کے گورنر واصب شاہین نے بتایا کہ سال نو کے موقع پر نائٹ کلب پر حملہ کرنے والا ملزم ازبکستان کا شہری ہے، اس نے افغانستان میں تربیت حاصل کی۔
1983 میں پیدا ہونے والے ملزم کا نام عبدالقادر مشاریپوف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ترکی نائٹ کلب فائرنگ: حملہ آورکی 'سیلفی ویڈیو'
گورنر استنبول کے مطابق عبدالقادر مشاریپوف جنوری 2016 میں ترکی میں داخل ہوا اور اس نے حملے میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کرلیا ہے، جب کہ جائے وقوع سے ملنے والے ثبوتوں سے ملزم کی انگلیوں کے نشانات بھی میچ ہوگئے۔