Dawn News Television

شائع 18 جنوری 2017 01:40pm

تیسرے میچ کیلئے آسٹریلوی ٹیم میں ہینڈزکومب شامل

آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف سیریز کے تیسرے ایک روزہ میچ کے لیے حتمی ٹیم کا اعلان کردیا جس میں پیٹر ہینڈزکومب ڈیبیو کریں گے۔

پیٹرہینڈزکومب کو زخمی آل راؤنڈر مچل مارش کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جنھوں نے حال ہی میں جنوبی افریقہ اور پاکستان کے خلاف اپنے کیریئر کی ابتدائی ٹیسٹ سیریز کے چار میچوں میں دو نصف سنچریاں اور دو سنچریاں بنا کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

آسٹریلیا کے ہیڈ کوچ ڈیرن لیہمن نے ہینڈزکومب نے کہا کہ 'انھوں نے بہت اچھی کارکردگی دکھائی ہے اور وہ غیرمعمولی رہے ہیں اسی لیے اس سیزن میں ان کے لیے اچھا انعام ہے'۔

لیہمن کا کہنا ہے کہ 'ہمیں چار معیاری بلے بازوں کی ضرورت ہے اسی لیے انھیں موقع ملے گا'۔

مزید پڑھیں: مچل مارش، پاکستان کے خلاف سیریز سے باہر

ان کا کہنا تھا کہ'انھوں نے سڈنی ٹیسٹ میں ایک روزہ کرکٹ کے انداز میں کھیلا اور ان کے پاس تمام شاٹس ہیں اور وہ جدت لانے والے کھلاڑی ہیں'۔

پاکستان کے خلاف تیسرے میچ کے لیے آسٹریلوی ٹیم میں فاسٹ باؤلر بلی اسٹین لیک بھی شامل ہیں جو مچل اسٹارک کو آرام دیے جانے کے بعد ٹیم میں آئے ہیں۔

لیہمن کے مطابق پہلے میچ کے بعد انجری کا شکار ہونے والے کرس لین بھی سیریز کے بقیہ میچوں سے باہر ہوگئے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان کو آسٹریلیا میں لگاتار چوتھا وائٹ واش

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ جمعرات کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا نے سیریز کے پہلے میچ میں 92 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ پاکستان نے دوسرے میچ میں 6 وکٹوں سے میزبان ٹیم کو زیر کرکے سیریز کو 1-1 سے برابر کردیا تھا۔

تیسرے میچ کے لیے آسٹریلیا کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔

اسٹیو اسمتھ (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، پیٹرہینڈزکومب، ٹریوس ہیڈ، گلین میکسیویل، میتھیو ویڈ، جیمز فلکنر، پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ، بلی اسٹین لیک

Read Comments