آسٹریلیا کی پاکستان کو شکست،سیریز میں برتری
آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف سیریز کے تیسرے میچ میں کپتان اسٹیو اسمتھ کی شاندار سنچری کی بدولت سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی۔
پرتھ میں کھیلے گئے میچ میں 264 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے محتاط بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اننگز کا آغاز کیا اور 9 اوورز تک 44 رنز بنا لیے تاہم جنید خان نے ڈیوڈ وارنر کو آؤٹ کرکے پاکستان کو اہم کامیابی دلادی۔
ڈیوڈ وارنر 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد اگلے ہی اوور میں محمد عامر نے 9 رنز پر کھیلنے والے عثمان خواجہ کو محمد رضوان کے ہاتھوں آؤٹ کر کے پاکستان کو دوسری کامیابی دلادی۔
جنید خان نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نئے بلے باز پیٹرہینڈزکومب کو مشکلات سے دوچار کردیا لیکن نو بال کے باعث ان کی ہاتھ آئی وکٹ سے محروم ہوگئے جبکہ محمد نواز نے ہینڈزکومب کو جنید کی گیند پر کیچ گرا کر ایک اور موقع دے دیا جس کا انھوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔
کپتان اسمتھ اور ہینڈز کومب نے تیسری وکٹ میں 183 رنز کی شراکت قائم کی اور ہینڈز کومب 228 کے اسکور پر 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی وکٹ حسن علی نے حاصل کی۔
اسمتھ نے قائدانہ اننگز کھیلتے ہوئے کیریئر کی آٹھویں سنچری مکمل کی اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہم کنار کردیا۔
آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 45 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
اسمتھ 108 اور ٹریوس ہیڈ 23 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
پاکستان کی جانب سے جنید خان، محمد عامر اور حسن علی نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔