’بھارت دہشتگروں کی مالی معاونت میں ملوث‘
پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ اس بات کے واضح اور ناقابل تردید شواہد موجود ہیں کہ بھارت پاکستان میں ہونے دہشت گردوں کی مالی معاونت کررہا ہے۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارت کے پاکستان میں تخریبی سرگرمیوں اور دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ناقابل تردید اور ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ میں دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان دہشت گردی خصوصاً بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہے۔
نفیس زکریا نے کہا کہ اس سلسلے میں را کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کا اعترافی بیان موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 'پاکستان جاسوسی کی متعدد بھارتی کوششیں ناکام بناچکا ہے'
نفیس ذکریا نے کہا کہ امریکا کے سابق وزیر دفاع چک ہیگل نے بھی کہا تھا کہ بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، اسی طرح پاکستان میں دہشت گردی کے بارے میں بھارت کے سرکردہ رہنماؤں کے بیانات بھی موجود ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ کسی بھی ملک نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان سے زیادہ اقدامات نہیں کئے اور اس سلسلے میں سب نے پاکستان کی کامیابیوں کا اعتراف کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ محاذ آرائی اور دہشت گردی کے بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کرے۔
مزید پڑھیں: بھارتی مداخلت کا ’ڈوزیئر‘ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے حوالے
نفیس زکریا نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت نے کشمیر کے بنیادی مسئلے سمیت تمام دیرینہ تنازعات کے حل کیلئے بات چیت سے راہ فرار اختیار کی ہوئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات معمول پر لانے اور خطے میں امن اور ترقی کیلئے کشمیر کے مسئلے کا منصفانہ حل ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے متنازع علاقے کو اپنا ’اٹوٹ انگ‘ قرار دینا ہی اقوام متحدہ کی متعدد قرار دادوں کی خلاف ورزی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے بھارت سے کہا ہے کہ وہ جنوبی ایشیا میں جوہری ہتھیاروں کی روڈ بند کرے تاہم بھارت نے اس حوالے سے اطمینان بخش جواب نہیں دیا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی جوہری مواد میں اضافہ، پاکستان کو تشویش
انہوں نے کہا کہ نئی جوہری تنصیبات کی تعمیر خطے میں جوہری عدم توازن کا باعث ہیں، ان تنصیبات میں عالمی معیارات کو بھی ملحوظ خاطر نہیں رکھا گیا۔
افغانستان کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں سب سے زیادہ امن کا خواہاں ہے، افغانستان میں بدامنی کا سب سے بڑا متاثرہ ملک بھی پاکستان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کے لئے بھر پور کوشش کی ہے، کچھ عناصر پاک افغان تعلقات خراب کرنے کے در پے ہیں۔