Dawn News Television

شائع 19 جنوری 2017 09:53pm

یوٹیوب اب فیس بک میسنجر جیسا بننے کے قریب

ویسے تو یوٹیوب پر لوگوں کو ویڈیوز دیکھنے یا ان پر تبصرے کرنے سے فرصت نہیں ملتی مگر گوگل کے خیال میں وہاں پر چیٹ کی گنجائش موجود ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس نے اپنی ایپ میں میسنجر متعارف کرا دیا ہے۔

گوگل کے اس ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم کی ایپ میں اب فیس بک میسنجر کی طرح لوگ ایک دوسرے کے ساتھ ویڈیوز، تحریری پیغامات اور لنکس کو شیئر کرسکیں گے اور انہیں باہر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

اس وقت یوٹیوب کی جانب سے اس میسنجر کی آزمائش کینیڈا میں کی جارہی ہے۔

یوٹیوب کے مطابق کینیڈا میں اس آزمائش کا فیصلہ یہ دیکھ کیا گیا کہ یہ ملک دنیا کے کسی بھی ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ویڈیوز شیئر کرتا ہے۔

یوٹیوب کا میسنجر واضح طور پر میسجنگ پلیٹ فارم ہے اور اس میں مخصوص ویڈیوز فیچرز موجود نہیں مگر پھر بھی یہ گوگل کی اس ایپ کے مستقبل پر بہت زیادہ اثرات مرتب کرسکتا ہے۔

درحقیقت یہ گوگل کا فیس بک، سنیپ چیٹ اور آمیزون کو ان کے میدان میں شکست دینے کی کوشش بھی ہے۔

گوگل نے یہ خیال گزشتہ سال پیش کیا تھا کہ اس کے صارفین یوٹیوب پر براہ راست ایک دوسرے کے پیغامات بھیج سکیں گے اور اس کی ایک جھلک مئی 2016 میں پیش کی تھی۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ دنیا بھر میں صارفین کے لیے یہ فیچر کب تک دستیاب ہوگا تاہم یہ واضح ہے کہ گوگل یوٹیوب کو ایک سوشل میڈیا سے زیادہ بہتر بنانا چاہتا ہے۔

اگر تو آپ سوچ رہے ہیں کہ یوٹیوب کے اندر میسجنگ فیچر کو چاہتا ہے اور اسے کون استعمال کرے گا تو کمپنی کا خیال ہے کہ اس سے ویڈیوز کی شیئرنگ میں اضافہ ہوگا اور وہ بھی ایپ کے اندر رہتے ہوئے۔

یوٹیوب کی خواہش ہے کہ انٹرنیٹ صارفین اس کی ایپ کو ایسی جگہ سمجھیں جہاں وہ وقت گزار سکیں اور کسی لنک کو دیکھنے کے لیے انہیں باہر نہ نکلنا پڑے۔

Read Comments