Dawn News Television

اپ ڈیٹ 20 جنوری 2017 06:29pm

اٹلی میں برفانی تودے سے 8 لوگوں کو زندہ نکال لیا گیا

اٹلی میں امدادی ٹیموں نے زلزلے کی باعث برف کے نیچے دب جانے والے ہوٹل کے ملبے سے 8 افراد کو دو روز بعد زندہ نکال لیا۔

وسطی اٹلی میں دو روز قبل آنے والے زلزلے کے نتیجے میں پہاڑی چوٹی مونٹی گران سیسو کی چڑھائی پر واقع تین منزلہ ہوٹل رگوپیانو برفانی تودے کی زد میں آگیا تھا جس سے وہاں ٹھہرے 25 افراد برف کے نیچے دب گئے تھے۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امدادی کارروائیوں میں ریسکیو اہلکاروں نے 2 بچوں سمیت 8 افراد کو زندہ باہر نکال لیا ہے جس کے بعد برف تلے دبے مزید افراد کے زندہ ہونے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

اطالوی میڈیا پر نشر کی جانے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے برف ہٹانے کے بعد ہوٹل کے مزید کمروں تک رسائی حاصل کی گئی ہے جس سے مزید افراد کے زندہ مل جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

اطالوی وزارتِ انصاف کے ایک وزیر نے بھی لوگوں کے زندہ بچ جانے کی خبر کی تصدیق کی۔

ریسکیو کا عمل نہایت سست روی کا شکار ہے —فوٹو: اے پی

امدادی کارروائیوں کے آغاز پر ہوٹل کے باہری حصے میں 2 افراد کی لاشوں اور وہاں کھڑی گاڑی میں موجود 2 افراد کو حادثے کے اگلے چند گھنٹوں میں ہی زندہ نکال لیا گیا تھا۔

ہوٹل میں مقیم افراد کے اہل خانہ کے مطابق ریسکیو کا عمل نہایت سست روی کا شکار ہے اور وہ اپنے پیاروں کی خیریت جاننے کے لیے بےچین ہیں۔

دوسری جانب اٹلی کی نیشنل سول پروٹیکشن ایجنسی کی جانب سے زلزلے میں دو مزید افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے جس کے بعد اب تک کل ہلاکتوں کی تعداد 5 ہو گئی ہے۔

Read Comments