Dawn News Television

اپ ڈیٹ 24 جنوری 2017 10:12am

آگ اور پانی سے محفوظ کاغذ

ویسے تو چین نے لگ بھگ دو ہزار سال قبل کاغذ کو ایجاد کیا تھا مگر اب اس ملک نے دنیا بھر میں اس عام ترین چیز کو مزید بہتر بناکر ایک نئی سطح پر پہنچا دیا ہے۔

شنگھائی انسٹیٹوٹ آف سرامکس نے دنیا کا ایسا پہلا کاغذ تیار کیا ہے جسے آگ بھی نہیں جلا سکتی اور پانی بھی اس کا کچھ بگاڑ نہیں سکتا۔

یہ کاغذ پانی میں اس وقت بھی محفوظ رہتا ہے جب اس کی سطح کو نقصان پہنچ چکا ہے جبکہ کافی اور چائے کے داغ بھی اس پر نہیں لگتے۔

یہ کاغذ 200 ڈگری سینٹی گریڈ کے درجہ حرارت میں بھی محفوظ رہتا ہے۔

اس پر لکھی تحریر کو پانی سے بھی نہیں دھویا جاسکتا اور محققین کا کہنا ہے کہ اس پر تیار کی جانے والی دستاویزات صدیوں تک محفوظ رہ سکیں گی۔

ویسے تو کاغذ کو واٹر پروف یا آگ سے بچانے جیسی خصوصیات پہلے بھی سامنے آچکی ہیں مگر چین میں تیار ہونے والا کاغذ اس لیے منفرد ہے کیونکہ پہلے کبھی کسی میں یہ دونوں خصوصیات ایک ساتھ موجود نہیں تھیں۔

محققین کی ٹیم اس کی تیاری کے لیے 2008 سے کام کررہی تھی اور اب اس ٹیکنالوجی کو پینٹ کرانے کی تیاری کررہی ہے اور توقع ہے کہ تین سال تک اسے فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا۔

تاہم یہ کاغذ عام کاغذ کے مقابلے میں تھوڑا مہنگا ہوگا تاہم محققین کو توقع ہے کہ بڑے پیمانے پر تیاری کی صورت میں اس کی قیمت میں کمی آسکتی ہے۔

Read Comments