Dawn News Television

شائع 13 فروری 2017 07:48pm

برے وائیٹ نے ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ جیت لی

برے وائیٹ نے اتوار کو ڈبلیو ڈبلیو ای کے ایونٹ کے دوران ایلیمینیشن چیمبر میچ میں پانچ دیگر ریسلر کو شکست دے کر پہلی بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔

برے وائیٹ نے ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ جان سینا سے جیتی ہے جبکہ اس میچ میں ان دونوں کے ساتھ ساتھ اے جے اسٹائلز، ڈین امبروز، دی مز اور بیرن کوربن بھی شریک ہوئے۔

میچ کا آغاز اے جے اسٹائلز اور جان سینا نے کیا جبکہ تیسرے نمبر پر ڈین امبروز، چوتھے پر برے وائیٹ، پانچویں پر بیرن کوربن اور چھٹے پر دی مز اس کا حصہ بنے۔

تاہم سب سے پہلے بے دخل ہونے والے ریسلر بیرن کوربن بنے جنھیں ڈین امبروز نے چت کیا، اس کے بعد امبروز کو دی مز نے باہر کیا، جبکہ تیسرے پر دی مز جان سینا کے ہاتھوں شکست کھا کر باہر ہوئے۔

اس کے بعد برے وائیٹ نے جان سینا کو اپنے خاص داﺅ سے چت کرکے اس بات کو یقینی بنا دیا کہ ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن کوئی نیا ریسلر بنے گا اور آخر میں اے جے اسٹائلز بھی برے وائیٹ کا شکار بنے۔

خیال رہے کہ جان سینا نے دو ہفتے قبل ہی رائل رمبل میں اے جے اسٹائلز کو شکست دے کر 16 ویں بار چیمپئن بننے کا ریکارڈ برابر کیا تھا۔

تاہم اسمیک ڈاﺅن کے کمشنر شین میکموہن نے رائل رمبل سے قبل اعلان کردیا تھا کہ جان سینا یا اے جے اسٹائلز میں سے جو بھی چیمپئن ہوگا اسے اعزاز کا دفاع ایلیمینیشن چیمبر میں کرنا ہوگا۔

اب برے وائیٹ کا مقابلہ ممکنہ طور پر ریسل مینیا 33 میں رائل رمبل کے فاتح رینڈی اورٹن سے ہوگا جو کہ اس وقت ان کی وائیٹ فیملی کا ہی حصہ بنے ہوئے ہیں۔

ان دونوں کے درمیان گزشتہ سال کئی ماہ تک مخالفت چلتی رہی تھی جس کے بعد رینڈی اورٹن غیر متوقع طور پر وائیٹ فیملی کا حصہ بن گئے تھے مگر سب کو توقع تھی کہ ایک دن یہ دونوں ایک بار پھر مدمقابل آئیں گے۔

Read Comments