Dawn News Television

شائع 16 فروری 2017 10:47pm

زیتون کا تیل ہارٹ اٹیک کا خطرہ کم کرے

زیتون کے تیل کا استعمال ہارٹ اٹیک کے خطرے میں نمایاں کمی لاتا ہے۔

یہ بات اسپین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جسم کے لیے صحت مند کولیسٹرول یا ایچ ڈی ایل کی سطح میں اضافہ نہ صرف دل صحت مند بناتا ہے بلکہ ہارٹ اٹیک کا خطرہ بھی کم کرتا ہے۔

اس تحقیق کے دوران تین سو افراد کی غذائی عادات کا جائزہ لیا گیا اور انہیں پھلوں، سبزیوں، کم مقدار میں سرخ گوشت پر مشتمل غذا کا استعمال کرایا گیا۔

تاہم ایک گروپ کے لیے زیتون کا تیل جبکہ دوسرے گروپ کے لیے گریوں کو رکھا گیا۔

ایک سال بعد جب ٹیسٹ کیے گئے تو معلوم ہوا کہ جن لوگوں نے زیتون کے تیل سے بنی غذاﺅں کا استعمال کیا ان کے جسم میں صحت مند کولیسٹرول کی سطح میں اضافہ ہوا۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ زیتون کے تیل سے بنی غذا سے ایچ ڈی ایل کے افعال میں بہتری آتی ہے جبکہ یہ دل کی شریانوں کی دیواروں سے نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح کم کرتا ہے جس سے شریانوں کی ورم کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ زیتون کا تیل ایچ ڈی ایل کے لیے فائدہ مند ہے اور نقصان دہ اجزاءکے اثرات کی روک تھام کرتا ہے۔

یہ تحقیق طبی جریدے جرنل سرکولیشن میں شائع ہوئی۔

Read Comments