Dawn News Television

شائع 17 فروری 2017 03:01pm

عمران طاہر، آملا نے کیویز کو فتح سے محروم کردیا

آکلینڈ: جنوبی افریقہ نے ہاشم آملا اور عمران طاہر کی عمدہ کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کو واحد ٹی20 میچ میں 78 رنز سے شکست دے کر سیریز بھی جیت لی۔

جنوبی افریقی بلے باز ہاشم آملا کو ایک انداز— فوٹو: اے ایف پی

آکلینڈ میں کھیلے گئے سیریز کے واحد ٹی20 میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جسے ہاشم آملا نے اپنی عمدہ بیٹنگ سے غلط ثابت کردیا۔

اوپننگ بلے باز نے ایک چھکے اور نو چوکوں کی مدد سے 43 گیندوں پر 62 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو 185 رنز تک رسائی میں اہم کردار ادا کیا۔فاف ڈیو پلیسی نے 36، اے بی ڈی ویلیئرز نے 26 اور ڈومینی نے 29 رنز بنائے۔

جواب میں عمران طاہر کی عمدہ باؤلنگ کے سامنے کیوی بلے باز بالکل بے بس نظر آئے اور پوری ٹیم 107 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔

ٹم بروس 33 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ نیوزی لینڈ کے سات بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے جس کے ذمے دار عمران طاہر تھے جنہوں نے 24 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔

میچ میں 78 رنز سے فتح کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ نے سیریز بھی 1-0 سے جیت لی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔

Read Comments