Dawn News Television

اپ ڈیٹ 20 فروری 2017 05:08pm

مورگن کا پی ایس ایل میں سفر تمام

انگلینڈ کی ٹی20 اور ون ڈے ٹیم کے کپتان آئن مورگن ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے سبب پاکستان سپر لیگ کو الوداع کہہ گئے ہیں لیکن انہوں نے لیگ میں اپنے تجربے کا انتہائی شاندار قرار دیا۔

پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے آئن مورگن کا دورہ ویسٹ انڈیز کے سبب چند میچز کیلئے اپنی فرنچائز سے معاہدہ ہوا تھا اور وہ کراچی کنگز سے میچ کے بعد واپس روانہ ہو گئے ہیں۔

پشاور زلمی کیلئے 136 رنز بنانے والے مورگن نے لیگ کے دوران ایک میچ میں بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی جیتا اور وہ دورہ ویسٹ انڈیز میں ٹیم کی قیادت کیلئے واپس روانہ ہو گئے ہیں۔

مورگن نے واپس روانہ ہوتے ہوئے اپنے پیغام میں پشاور زلمی کی فرنچائز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ سال پی ایس ایل میں ان کیلئے بہترین رہا اور کوچ سمیت تمام اسٹاف بھی بہت شاندار رہا۔

اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے بھی بہت خیال رکھا جس کیلئے میں ان کا شکر گزار ہے۔

آئن مورگن کے رخصت ہونے پر پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی، کامران اکمل اور وہاب ریاض نے لیگ میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے ساتھ کھیلنا باعث فخر ہے۔

یاد رہے کہ کراچی کنگز کے خلاف میچ سے قبل مورگن نے اپنی تمام کٹ شوکت خانم میموریل ہسپتال کے بچوں کے علاج کیلئے عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

انگلش کپتان کی کٹ کی نیلامی کی جائے گی اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی کینسر کے موذی مرض میں مبتلا شوکت خانم میموریل ہسپتال کے بچوں کے علاج پر خرچ کی جائے گی۔

Read Comments