Dawn News Television

شائع 21 فروری 2017 02:41pm

آسٹریلیا میں طیارہ گر کر تباہ، 5 افراد ہلاک

آسٹریلیا کے آبادی کے لحاظ سے دوسرے بڑے شہر میلبورن میں چھوٹا طیارہ شاپنگ مال پر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے باعث 5 افراد ہلاک ہوگئے۔

طیارہ میلبورن کے قریب موجود اسینڈن ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے بعد محض تھوڑے فاصلے پر فنی خرابی کے باعث ایک شاپنگ مال کی عمارت پر گر کر تباہ ہوا۔

آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریہ کے پولیس اسسٹنٹ کمشنر اسٹیفن نے بتایا کہ بزنس طیارہ ’ٹربوپروب کنگ‘ انجن کی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا، جہاز میں سوار تمام افراد ہلاک ہوگئے۔

اسٹیفن لینے کے مطابق حادثے میں کوئی افراد نہیں بچ سکا۔

حادثے کے وقت شاپنگ پلازہ بند تھا—فوٹو: اے ایف پی

پولیس کے مطابق حادثہ شاپنگ مال کے کھلنے سے ایک گھنٹے قبل صبح 9 بجے ہوا، جس وجہ سے زیادہ نقصان نہیں ہوا۔

ایئرسروس آسٹریلیا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حادثے سے میلبورن ایئرپورٹ پر کوئی اثر نہیں پڑا، جب کہ ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو جہاز حادثے کی تحقیقات کرے گی۔

خبر رساں ادارے نے مقامی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ حادثے کے بعد جائے وقوع سے اٹھتا دھواں دور دور تک دیکھا گیا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے، جہاں ایئرسیفٹی کے انتظامات قدرے بہتر ہوتے ہیں، آسٹریلیا میں جہاز حادثوں کے واقعات کم ہی ریکارڈ ہوتے ہیں، تاہم دنیا کے دیگر ممالک میں جہاز حادثے پیش آتے رہتے ہیں۔

آسٹریلیا کے قریبی ممالک نیوزی لینڈ سمیت دیگر جزیروں میں بھی جہاز حادثوں کی رپورٹیں کم ہی منظر عام پر آتی ہیں۔

حادثے کے باعث شاپنگ پلازہ کو بھی نقصان پہنچا—فوٹو: اے ایف پی

Read Comments