Dawn News Television

اپ ڈیٹ 21 فروری 2017 06:07pm

لنکا شائر کا ٹی20 بلاسٹ کیلئے جنید سے معاہدہ

لنکاشائر کاؤنٹی نے ٹی ٹوئنٹی چیمپین شپ کے لیے پاکستانی فاسٹ باؤلر جنید خان سے معاہدہ کرلیا ہے۔

پاکستانی فاسٹ باؤلر جنید خان ان دنوں پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کی نمائندگی کر رہے ہیں اور اچھی فارم میں نظر نہیں آ رہے لیکن اس کے باوجود لنکا شائر نے تجربے کی بنیاد پر ان سے معاہدہ کر لیا ہے۔

جنید اس سے قبل بھی دو بار 2011 اور 2014 میں بھی انگلش کاؤنٹی لنکا شائر کی نمائندگی کر چکے ہیں اور اب کاؤنٹی نے 2017 کی ٹی ٹوئنٹی چیمپین شپ کے لیے بھی پاکستانی باؤلر سے معاہدہ کیا ہے۔

لنکا شائر سے معاہدے پر جنید خان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی کاؤنٹی کرکٹ میں بہت کچھ سیکھا اور اب بھی شاندار پرفارمنس کے لیے پر امید ہیں۔

22 ٹیسٹ، 56 ون ڈے اور 9 ٹی20 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز رکھنے والے جنید نے 2015 میں مڈل سیکس کی نمائندگی کی تھی اور وہ مکمل سیزن کیلئے لنکا شائر کو دستیاب ہوں گے۔

2011 میں جنید خان نے سات میچوں میں 12 جبکہ 2014 میں 10 میچوں میں 17 وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو دونوں مواقعوں پر فائنلز تک رسائی دلائی تھی۔

Read Comments