Dawn News Television

اپ ڈیٹ 22 فروری 2017 06:29pm

آسٹریلیا کی سری لنکا کو آخری ٹی ٹوئنٹی میں شکست

آسٹریلیا نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ میں 41 رنز سے کامیابی حاصل کی تاہم سری لنکا نے ابتدائی میچوں میں جیت کے باعث سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں سری لنکا کے کپتان اپل تھرنگا نے ٹاس جیت کر میزبان آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ اور مائیکل کلنگر نے ذمہ دارانہ بلےبازی کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو ایک بڑا ہدف دے دیا۔

فنچ کا صفر پر کیچ ڈراپ ہوا جس کے بعد دونوں اوپنرز نے 79 رنز کا آغاز فراہم کیا اور آسٹریلین کپتان 53 رنز کی انگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد بین ڈنک نے کلنگر کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے اسکور کو 128 تک پہنچایا اور 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ٹریوس ہیڈ اور کلنگر کےدرمیان ایک اور اچھی شراکت ہوئی جس میں اسکور 179 تک پہنچ گیا، ہیڈ 30 رنز بنا کر ملینگا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکا کے نیروشان پر دومیچوں کی پابندی

کلنگر نے 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 62 رنز کی اننگز کھیلی لیکن شناکا اور مینڈس کے گٹھ جوڑ سے رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

آسٹریلیا نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے ملینگا اور شاناکا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے ایک مشکل ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پہلی وکٹ 41 رنز پر کپتان اپل تھرنگا کی صورت میں گری جبکہ دوسری وکٹ مینڈس کی تھی جو 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

مزید پڑھیں: گونارتنے نے آسٹریلیا سے یقینی فتح چھین لی

سری لنکا کی جانب سے موناویرا اور سری وردنا نے مزاحمت کی بھرپور کوشش کی اور بالترتیب 37 اور 35 رنز بنائے لیکن ان کے علاوہ کوئی اور بلےباز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا۔

سری لنکا کی پوری ٹیم 18 اوورز میں 146 رنز پر آؤٹ ہوئی تو انھیں میچ میں 41 رنز کی شکست ہوئی۔

خیال رہے کہ سری لنکا نے ابتدائی دونوں میچوں میں کامیابی حاصل کرکے سیریز پہلے ہی اپنے نام کی تھی۔

Read Comments