Dawn News Television

شائع 23 فروری 2017 05:47pm

انسٹاگرام پر اب بیک وقت 10 تصاویر پوسٹ کرنا ممکن

بہترین میگا پکسلز سے لیس اسمارٹ فونز نے حالیہ دور میں یادگار لمحوں کو محفوظ بنانا قدرے آسان بنادیا ہے۔

اور کبھی کبھی ان یادگار لمحات کی بے شمار تصاویر میں سے کسی ایک کا انتخاب مشکل ہوجاتا ہے کیونکہ تمام ہی تصاویر ہمارے لیے اہم ہوتی ہیں۔

آخر کار انسٹاگرام کو صارفین کی اس پریشانی کا خیال آگیا، اسی لیے مشہور فوٹو شیئرنگ ایپلی کیشن نے اپنے صارفین کو ملٹی پکچر پوسٹ کرنے کا آپشن فراہم کردیا ہے۔

آسان الفاظ میں آپ اب انسٹاگرام پر بیک وقت کئی تصاویر پوسٹ کرسکتے ہیں جو کسی البم کی شکل میں نیوزفیڈ پر نظر آئیں گی۔

انسٹاگرام کے بلاگ پر شائع ہونے والی اس نئی اپ ڈیٹ کی تفصیلات کے مطابق اب صارفین ایک وقت میں دس تصاویر اور ویڈیوز ایک ساتھ پوسٹ کرسکیں گے۔

ان تصاویر اور ویڈیوز کو دائیں اور بائیں جانب سوائپ کرکے دیکھا جاسکے گا۔

کسی کی سالگرہ ہو یا شادی یا آپ نے کسی پسندیدہ ترکیب کو اپنے فالوورز سے شیئر کرنا ہو، انسٹاگرام کے نئے فیچر کی مدد سے باآسانی ایسا کیا جاسکے گا۔

انسٹاگرام انتظامیہ کے مطابق صارفین کی اپ ڈیٹڈ انسٹاگرام ایپلی کیشن میں ایک نیا آئیکن دکھائی دے گا، جہاں سے ایک ساتھ 10 تصاویر کو پوسٹ کرنے کے لیے شیئر کیا جاسکے گا۔

صارفین تصاویر کی ترتیب اپنی مرضی سے تبدیل کرسکتے ہیں اور مختلف فلٹرز کا بھی استعمال کرسکتے ہیں، تاہم ان سب تصاویر کے ساتھ فی الوقت صرف ایک ہی کیپشن پوسٹ کیا جاسکے گا۔

جبکہ صارفین کے فالوورز تصویر کے ساتھ نظر آنے والے بلیو ڈاٹس کی مدد سے جان سکیں گے سوائپ کرنے پر مزید تصاویر ان کی منتظر ہیں۔

Read Comments