Dawn News Television

شائع 25 فروری 2017 09:52am

ڈرامہ دیکھتے ہوئے آنسو بہانا بھی فائدہ مند

ویسے تو بیشتر خواتین ٹیلیویژن ڈرامے دیکھتے ہوئے جذباتی مناظر پر رونے لگتی ہیں جبکہ کچھ مرد حضرات میں بھی یہ عادت ہوتی ہے مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ یہ درحقیقت ایک فائدہ مند چیز ہے؟

جی ہاں یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔

اوکلاہاما یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر آپ بھی ٹی وی ڈراموں یا فلموں میں جذباتی مناظر دیکھ کر رونے لگتے ہیں تو درحقیقت یہ عادت صحت مندی کے ساتھ جڑی ہوئی ہوئی ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ انسانی دماغ حقیقی یا افسانوی رشتوں کو شناخت کرنے کے لیے نہیں بنے، تو اسکرین کے کرداروں سے جذباتی طور پر وابستگی خود اعتمادی بڑھانے، تنہائی کا احساس کم کرنے اور کسی کے ساتھ جڑنے جیسے احساسات کو بڑھاتی ہے۔

تحقیق کے مطابق ڈرامے یا فلم میں کسی پسندیدہ کردار کے مرنے پر ردعمل حقیقی معنوں میں جذباتی ہوتا ہے کیونکہ ہر ہفتے اس کردار کو دیکھنے سے اس کے ساتھ ایک تعلق بن جاتا ہے اور اس کی موت انسان کو اَپ سیٹ کرنے کے لیے کافی ہوتی ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ اس طرح کے المناک مناظر درحقیقت ذہن میں موجود منفی جذبات کو سسٹم سے باہر نکالنے میں مدد دیتے ہیں اور لوگ خود کو ذہنی طور پر زیادہ بہتر محسوس کرنے لگتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کے نتیجے میں لوگوں کی جذباتی ذہانت کی صلاحیت بڑھتی ہے اور وہ دیگر افراد کے خیالات اور محسوسات کو پڑھنے کی اہلیت پیدا کرلیتے ہیں۔

تاہم انہوں نے بتایا کہ ان مثبت اثرات کا تعین اس بات پر ہوتا ہے کہ آپ کس طرح کے ڈرامے یا فلمیں دیکھ رہے ہیں کیونکہ کچھ افراد میں مختلف اثرات بھی سامنے آسکتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ بامقصد ٹی وی پروگرام دیکھنا انسانی جذبات اور ہمدردی کو بڑھاتا ہے اور لوگ اپنے سے مختلف افراد سے مہربانی کا سلوک کرنے لگتے ہیں۔

Read Comments