Dawn News Television

اپ ڈیٹ 25 فروری 2017 12:52am

کربر نے عالمی نمبر ایک بننے کا موقع گنوادیا

عالمی نمبر2 جرمنی کی ٹینس اسٹار اینجلیق کربر کو دبئی چمپیئن شپ میں ایلینا سویٹلانا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد انھوں نے درجہ بندی میں سرفہرست آنے کا موقع بھی گنوا دیا۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق یوکرینی اسٹار ایلینا سویٹلانا نے کربر کے خلاف لگاتار تیسری فتح حاصل کرتے ہوئے دبئی چمپیئن شپ کے سیمی فائنل میں 6-3 اور 7-6 سے زیر کرلیا۔

29 سالہ جرمن اسٹار اگر دبئی چمپیئن شپ کے ٹائٹل میں کامیابی حاصل کرلیتی تو وہ امریکا کی سرینا ولیمز سے پہلی پوزیشن چھین کر ایک مرتبہ پھر عالمی نمبر ایک بن جاتیں۔

کربر ستمبر 2016 میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے معمر کھلاڑی بن گئی تھیں اور اس پوزیشن پر 20 ہفتوں تک براجمان رہیں۔

مزید پڑھیں: وینس ولیمز کو شکست،سرینا آسٹریلین اوپن کی چمپیئن

سویٹلانا اب فائنل میں کیرولین ووزنیاکی کے خلاف مدمقابل ہوں گی۔

خیال رہے کہ ووزنیاکی، دوہا اوپن کے فائنل میں کیرولین پلسکووا سے شکست کے بعد یہ لگاتار دوسرا فائنل کھیلیں گی۔

امریکا کی سرینا ولیمز نے سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن کے فائنل میں اپنی بہن وینس ولیمز کے خلاف کامیابی حاصل کرکے درجہ بندی میں پہلی پوزیشن دوبارہ حاصل کر لی تھی۔

Read Comments