Dawn News Television

شائع 25 فروری 2017 11:43am

فوج کی 22 ہوا باز خواتین کی تربیت مکمل

اسلام آباد: 22 خواتین اور 39 مرد پر مشتمل بیج نے پاکستان ایئرفورس (پی اے ایف) کی رسالپور اکیڈمی میں اپنی ابتدائی ہوابازی اور آسمان کی بلندیوں سے چھلانگ لگانے (پیرا ٹروپنگ) کی تربیت مکمل کرلی۔

تربیت مکمل کرنے والی خواتین میں سے 2 کا تعلق پاک فضائیہ، 3 کا پاک بحریہ جب کہ 17 کا تعلق پاک فوج سے ہے۔

پاک فضائیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق تربیت حاصل کرنے والوں کو ایوارڈ دینے کے لیے پاک فضائیہ کے پیرا ٹریننگ اسکوارڈن کی جانب سے رسالپور اکیڈمی میں تقریب منعقد کی گئی، جس میں وائس چیف آف ایئر اسٹاف ایئر مارشل اسد لودھی نے بطور خصوصی مہمان شرکت کی۔

تربیت حاصل کرنے والوں میں 39 مرد افسران بھی شامل ہیں—فوٹو: اے پی پی

ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر مارشل اسد لودھی نے کہا کہ نوجوان خواتین آفیسرز نے دوران تربیت مردوں کے شانہ بشانہ کارکردگی دکھاتے ہوئے شاندار مظاہرہ کیا۔

بیان کے مطابق کیپٹن میمونہ بہترین لیڈی پیرا ٹروپر کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں، جب کہ کارپورل ٹیکنیشن جمال کو بہترین مرد پیراٹروپر کا ایوارڈ دیا گیا۔

کیپٹن میمونہ نے بہترین لیڈی پیراٹروپر کا ایوارڈ حاصل کیا—فوٹو: اے پی پی

ایوارڈ دیتے ہوئے ایئر مارشل اسد لودھی کا کہنا تھا کہ پیرا ونگ کی یہ ایوارڈ تقریب محض دکھاوا نہیں، بلکہ جوانوں کی قربانیوں اور ثابت قدم رہنے کا ایک نمونہ ہے۔

انہوں نے افسران کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ بے شمار چیلنجز کا سامنا کرنے جا رہے ہیں اور کئی رکاوٹیں آپ کے راستے میں آئیں گی، مگر آپ کو اس تربیت حاصل کرنے کے بعد اپنی بہادری اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنا ہے۔

کارپورل ٹیکنیشن جمال کو بہترین مرد پیراٹروپر کا ایوارڈ دیا گیا—فوٹو: اے پی پی

ایئر مارشل اسد لودھی کا مزید کہنا تھا کہ تربیت حاصل کرنے والی 22 خواتین ملک کی دیگر خواتین کے لیے حوصلے اور عزم کا راستہ ثابت ہوں گی ۔

اس موقع پر پاک فضائیہ کی اسکائی ڈائیونگ کی ٹیم نے شاندار فری فال کا مظاہرہ بھی کیا، جب کہ پیرا ٹروپرز نے 10 ہزار فٹ کی بلندیوں سے کامیاب چھلانگ لگا کر کامیابی سے نیچے اترنے کا بھی عملی مظاہرہ کیا۔


یہ خبر 25 فروری 2017 کی ڈان اخبار میں شائع ہوئی

Read Comments