Dawn News Television

اپ ڈیٹ 25 فروری 2017 06:27pm

پونے ٹیسٹ کے تیسرےروز بھارت کو بدترین شکست

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے بھارت کو سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں 333 رنز کی بدترین شکست دے کر ہوم گراؤنڈ پر ہندوستانی ٹیم کی مسلسل 19 ٹیسٹ میچوں میں کامیابیوں کا تسلسل توڑ دیا۔

441 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے دنیا کی نمبر ون ٹیسٹ ٹیم محض 107 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، بھارتی کرکٹ ٹیم کی تباہی میں آسٹریلوی لیفٹ آرم اسپنر اسٹیو اوکیفے نے اہم کردار ادا کیا اور انہوں نے میچ میں 12 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

عالمی نمبر دو آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے میچ کو صرف تین دن میں لپیٹ دیا،آسٹریلیا نے آخری بار بھارتی سرزمین پر 2004 میں ٹیسٹ میچ جیتا تھا۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ ’جب ہم انڈیا آئے تو ہمیں معلوم تھا کہ 4502 دن ہوگئے ہیں ہمیں بھارت میں ٹیسٹ میچ جیتے ہوئے، مجھے یہ بات بتائی گئی تھی لہٰذا اس جمود کو توڑنا بہت بڑا چیلنج تھا جس میں ہم کامیاب ہوئے‘۔

پہلی اننگز میں آسٹریلیا نے 260 رنز بنائے جس کے جواب میں بھارت 105 رنز بناکر آؤٹ ہوگیا، پہلی اننگز میں اسٹیو اوکیفے نے 35 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دوسری اننگز میں آسٹریلیا نے 285 رنز بنائے جس میں کپتان اسٹیو اسمتھ کے 109 رنز بھی شامل تھے۔

جواب میں ایک بار پھر بھارتی ٹیم 107 رنز پر ڈھیر ہوگئی، اس اننگز میں بھی او کیفے نے 35 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نیتھن لیون نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

چار ٹیسٹ میچز کی سیریز میں آسٹریلیا کو بھارت کے کے خلاف ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

Read Comments