Dawn News Television

اپ ڈیٹ 03 مارچ 2017 12:37pm

انوشکا شرما کا بھوت آسکرز میں موجود

ویسے تو سب ہی جانتے ہیں کہ بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے رواں سال کے آسکرز میں شرکت کی، لیکن کیا آپ کو یہ معلوم ہے کہ انوشکا شرما بھی اس سال آسکرز کی شاندار تقریب میں موجود تھیں؟

خیال رہے کہ 89ویں اکیڈمی ایوارڈز (آسکرز) میں اس سال ہولی وڈ فلم 'مون لائٹ' کی جگہ پہلے 'لا لا لینڈ' کو غلطی سے بہترین فلم کا ایوارڈ دے دیا گیا تھا اور دلچسپ بات یہ ہے کہ انوشکا شرما اسی 'غلطی' کے دوران اسٹیج پر موجود تھیں۔

مزید پڑھیں: آسکرز 2017: بہترین فلم کے ایوارڈ میں 'غلطی'

ایسا ہم نہیں کہہ رہے بلکہ خود انوشکا شرما نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر آسکرز کی ایک تصویر شیئر کی، جس میں وہ اسٹیج پر موجود ہیں۔

انہوں نے اپنی تصویر میں یہ بھی لکھا کہ 'یہ لوگ مجھے سُن نہیں پائے، میں تو کب سے ہندی میں کہہ رہی تھی کہ نام غلط لکھا ہے'۔

انہوں نے اپنے اسٹیٹس میں ShashiWasThere# (ششی وہاں تھی) کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

اگر آپ کو اب تک سمجھ نہیں آیا، تو ہم آپ کو بتادیں کہ انوشکا شرما اپنی جلد ریلیز ہونے والی فلم 'فلوری' میں بھوت بنی ہیں۔

'فلوری' میں انوشکا شرما نے ایک روح (بھوت) کا کردار ادا کیا، جو اپنی ادھوری خواہش کو پورا کرنے کے لیے دنیا میں واپس آجاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'فلوری' میں انوشکا شرما کا 'بھوت'

اس فلم میں انوشکا کا نام ششی ہوگا، جس کا ہیش ٹیگ انہوں نے اپنی تصویر میں استعمال کیا۔

انشائی لال کی ہدایات میں بننے والی فلم کی پروڈکشن فاکس اسٹار اسٹوڈیوز اور انوشکا شرما کی کمپنی کلین سلیٹ فلمز کررہی ہے، جو رواں سال 24 مارچ کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

Read Comments