'آپ کنوارے کیوں ہیں؟ کیوں کہ میں پھٹیچر ہوں'
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2017 کا شاندار اختتام گزشتہ اتوار کو لاہور میں ہوا، جس کے بعد سب نے ہی اس کامیاب ٹورنامنٹ کا جشن منایا، لیکن ان سب میں کوئی ایسا بھی ہے جو اس ٹورنامنٹ سے خوش نہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ لاہور میں ہونے والا پاکستان سپر لیگ کا فائنل کوئی اتنا خاص نہیں تھا جتنا لوگ اسے بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔
اور تو اور انھوں نے پی ایس ایل کے فائنل میں کھیلنے والے بین الاقوامی کھلاڑیوں کو 'پھٹیچر' کہہ ڈالا۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل فائنل کے غیر ملکی کھلاڑی 'پھٹیچر' تھے: عمران خان
اب ظاہر ہے عمران خان کا یہ بیان کرکٹ کے مداحوں کو خاصا ناگوار گزرا ہوگا، جس کا اظہار انہوں نے ٹوئٹر پر کیا۔
انہوں نے اپنے مداحوں کا دل توڑ دیا
ایک صارف کا کہنا تھا 'پھٹیچر؟ عمران خان میں آپ کا بہت بڑا فین ہوں، لیکن لاکھوں افراد کی طرح آپ نے مجھے بھی دکھ پہنچایا اور اب میں سوچ رہا ہوں کہ آپ اپنے ہوش میں تو ہیں؟'
کسی کا کہنا تھا، 'یہ انتہائی غیر مناسب بات تھی اور کسی ایسے شخص سے جو خود کرکٹ سے تعلق رکھتا ہو اس سے ایسی بات کی امید نہیں تھی، وہ پاکستان آئے اور عمران خان انہیں پھٹیچر بول رہے ہیں'۔
ایک خاتون کا کہنا تھا 'میں نے انھیں پسند کیا، میں نے ان پر تنقید بھی کی، مجھے دکھ بھی ہوا، لیکن مجھے نہیں معلوم تھا کہ ایک دن ان کی پھٹیچر بات انہیں اتنا چھوٹا دکھائے گی'۔
کئی افراد بین الاقوامی کھلاڑیوں کے حق میں بول اٹھے
کسی نے کہا 'ان پھٹیچر کھلاڑیوں نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے ان کئی رہنماؤں سے بہت زیادہ کیا ہے جو خود کو بےغرض سمجھتے ہیں'۔
ایک صارف کے مطابق 'پی ایس ایل میں کھیلنے والے غیرملکی کھلاڑیوں کو داد دینی چاہیے نا کہ انہیں پھٹیچر ہولا جائے'۔
کسی کا کہنا تھا 'مجھے لگتا ہے کہ ہمیں پھٹیچر کھلاڑیوں کا شکرگزار ہونا چاہیے جنہوں نے پاکستان میں کھیلنے کی حامی بھری'۔
اس کے بعد صارفین نے اپنے مسائل کے لیے بھی اس پھٹیچر ہیش ٹیگ کا استعمال شروع کردیا۔
لوگوں کے پاس پی ایس ایل سے بڑے مسائل موجود
کسی نے لاہور کی صورتحال پر کہا 'تمام بارشوں نے مل کر لاہور کے اس دن کو پھٹیچر بنادیا'۔
کسی نے کہا 'کیا پھٹیچر دن ہے'۔
کسی کو اپنے کنوارے ہونے کا افسوس رہا
ایک صارف نے لکھا، 'آپ کنوارے کیوں ہیں؟ کیوں کہ میں پھٹیچر ہوں'۔
لوگوں نے پھٹیچر لفظ کا کمال استعمال کیا
کسی نے لکھا 'آج میں نے کمال کی پھٹیچر ڈریسنگ کی ہے'۔
آخر میں ہم بھی یہی جاننا چاہتے ہیں
'کیا آپ کی سوچ پھٹیچر ہے؟'