پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پہلے ہی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل لاہور میں کروانے کے خلاف تھے اور اب انھوں نے اپنی توپوں کا رخ ایک مرتبہ پھر پی ایس ایل کی جانب موڑتے ہوئے فائنل میں شریک ہونے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کو 'پھٹیچر' کہہ ڈالا۔

عمران خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جس میں وہ پی ایس ایل فائنل میں شریک غیر ملکی کھلاڑیوں کے حوالے سے بات کرتے نظر آئے۔

عمران خان کا کہنا تھا، 'دو تین کھلاڑیوں نے نہیں آنا تھا، باقی جو 'پھٹیچر' کھلاڑی ہیں، انھوں نے تو ویسے بھی آ جانا تھا، میں تو کسی کے نام بھی نہیں جانتا، جو غیر ملکی کھلاڑی یہاں آئے'۔

مزید پڑھیں:پی ایس ایل فائنل لاہور میں کروانا بہت بڑا رسک: عمران خان

پی ٹی آئی چیئرمین نے پی ایس ایل چیئرمین نجم سیٹھی اور انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا، 'مجھے لگتا ہے یہ ایسے ہی کسی کو پکڑ لے کر آئے، کسی کو افریقا سے لے آئے کسی کو کہیں اور سے، ہمیں نہیں پتہ یہ کون تھے'۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کی فائنل میں شرکت کے لیے لاہور آمد کو کریڈٹ دینے کے سوال کو بظاہر گول کرتے ہوئے عمران خان نے کہا، 'جس طرح کے غیر ملکی کھلاڑی یہاں آئے، وہ تو یہاں ویسے بھی آجاتے، آپ انھیں پیسے دیں تو وہ ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے آجائیں گے، جو بڑے نام ہیں، انھوں نے نہیں آنا تھا اور نہ وہ آئے'۔

یہ بھی پڑھیں: 'قذافی اسٹیڈیم میں عمران خان انکلوژر کے ٹکٹ فری کیے جائیں'

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ ملک کے مختلف شہروں خصوصاً لاہور کے مال روڈ پر خودکش حملے کے بعد صوبائی دارالحکومت میں پی ایس ایل 2017 کا فائنل مشکل ہوتا نظر آرہا تھا، تاہم پھر کئی اجلاسوں کے بعد بالآخر پنجاب حکومت نے فائنل کے انعقاد کا اعلان کیا، جس کے لیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔

تاہم فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے غیر ملکی کھلاڑیوں لیوک رائٹ، کیون پیٹرسن اور ٹائمل مل نے لاہور آنے سے انکار کردیا، جس کے بعد دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا، جن میں بنگلہ دیش کے انعام الحق، زمبابوے کے شون اروائن اور ایلٹن چیگمبورا، جنوبی افریقا کے مورن وین ویک اور ریاد ایمرت شامل تھے۔

مزید پڑھیں:'لاہور نہ جانے کا تعلق عمران خان کے بیان سے نہیں'

دوسری جانب پی ایس ایل 2 کی فاتح ٹیم پشاور زلمی کے ڈیرن سیمی نے نہ صرف لاہور میں ہونے والے فائنل میں شرکت کی بلکہ فتح کا جشن بھی منایا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان نے پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے کے فیصلے کو غیر دانشمندانہ قرار دیتے ہوئے اسے بہت بڑا رسک قرار دیا تھا۔

جس کے بعد اس حوالے سے بھی رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں شامل انگلینڈ کے کیون پیٹرسن نے فائنل کے لیے لاہور نہ آنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ٹیم انتظامیہ کو کہا تھا کہ سابق عظیم کھلاڑی اور سیاست دان عمران خان لاہور میں فائنل کی مخالفت کررہے ہیں تو وہ کیسے لاہور جاسکتے ہیں۔

تاہم بعدازاں پیٹرسن نے کہا کہ انھوں نے لاہور نہ جانے کا فیصلہ ٹورنامنٹ سے پہلے کرلیا تھا اور اس کا عمران خان کے بیان سے تعلق نہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (5) بند ہیں

شان علی Mar 07, 2017 12:38pm
دو دفعہ ویسٹ انڈیز کو ٹی ٹونٹی کا عالمی چمپئین بنانے والا کپتان پھٹیچر ہے تو پھر "اچھے کھلاڑی" کی تعریف کیا ہو گی۔
Imran Ahmad Qasrani Mar 07, 2017 02:08pm
Bahut buri baat. Very Bad.
adnan Khan Mar 07, 2017 02:46pm
I love Imran Khan but from now i hate PTI & Imran Khan. We all Pakistani condemn Imran Khan & demand to say sorry to the international players who participated in PSL lahore final.
saleem Mar 08, 2017 01:06am
ma na election ma pti ko vote de ya tha but IMRAN khan jasa selfish insha ni daka Hus ko Pakistan sa payar ni ha PSL Pakistani ke ha kisee aik party ke ni IMRAN khan ke Bataan soun kar duk ho ya I hat IMRAN khan
Kamal KSA Mar 08, 2017 03:49am
IK comments are racists and arrogant and he should apologies on this. This nation is extremely tired of terrorism and events like PSL are the rare chances of happiness, as not to be missed.