Dawn News Television

شائع 18 مارچ 2017 08:24pm

پاکستان اور سری لنکن بحریہ کے درمیان مشقیں

پاکستان اور سری لنکن بحریہ کے درمیان فوجی مشقوں کا انعقاد کیا گیا جس کے دوران آپریشنل تیاریوں اور کوآرڈینشن کا بہترین مظاہرہ کیا گیا۔

پاک بحریہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک بحریہ کے دو جنگی جہاز پی این ایس نصر اور پی این ایس سیف نے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک میں اپنی تعیناتی کے دوران سری لنکا کے کولمبو پورٹ پہنچے۔

بیان کے مطابق بحر ہند میں پاک بحریہ کے جنگی جہازوں اور سری لنکن نیوی نے بحری مشقوں میں حصہ لیا۔

کولمبو کی بندرگاہ پہنچنے پر پاک بحریہ کے جنگی جہازوں کا استقبال سری لنکن بحریہ کے کمانڈر آپریشنز اور سری لنکا میں تعینات پاکستان کے دفاعی اتاشی نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر سری لنکن بحریہ کے افسران بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک بحریہ کی 'امن 17' مشقیں اختتام پذیر

پاک بحریہ کے جنگی جہازوں کے مشن کمانڈر اور کمانڈنگ آفیسرز نے سری لنکن نیوی کے چیف آف اسٹاف ایڈمرل ایس ایس راناسنگھے سے بھی ملاقات کی۔

راناسنگھے نے حال ہی میں پاک بحریہ کے زیر اہتمام ہونے والی کثیر الاقومی بحری مشقیں 'امن 2017' کا مشاہدہ کرنے پاکستان بھی آئے تھے۔

پاک بحریہ کے مطابق 'پاک بحریہ کے جنگی جہازوں کے دورہ سری لنکا سے دونوں ملکوں کی بحریہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور بحری تعاون میں مزید اضافہ ہوگا'۔


Read Comments