Dawn News Television

شائع 22 مارچ 2017 07:13pm

بھارتی بورڈ کی کمنٹیٹرز پر تین کڑی پابندیاں

ہندوستانی کرکٹ بورڈ کی جانب سے کمنٹیٹرز پر تبصروں کے سلسلے میں پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد آسٹریلین کپتان ای این چیپل نے ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز میں کمنٹری کے فرائض انجام دینے سے انکار کردیا ہے۔

کھیل پر گہری نظر اور تنقیدی جائزہ لینے کیلئے مشہور چیپل نے بی سی سی آئی کی سخت پابندیوں کے سبب کمنٹری کرنے سے انکار کردیا۔

سابق آسٹریلین کپتان نے بتایا کہ ای ایس پی این نے مجھے کمنٹری کی دعوت دی جس پر میں پوچھا کہ مجھے کس کیلئے کام کرنا ہے تو جواب آیا کہ میرا معاہدہ تو ای ایس پی ایس سے ہو گا لیکن مجھے بی سی سی آئی کی پابندیوں کو ملحوظ خاطر رکھنا ہو گا۔

انہوں نے گفتگو رکھتے ہوئے کہا کہ میں نے جواب میں پوچھا کہ یہ پابندیاں کس قسم کی ہوں گی تو انہوں نے کہا کہ آپ کو انڈین ٹیم کی سلیکشن، ڈی آر ایس پر ہندوستان کی مخالفت اور انتظامی معاملات پر تنقید کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

چیپل نے کہا کہ میں نے جواب دیا کہ میں محسوس کرتا ہوں کہ اس طرح کی صورتحال میں اپنی ذمے داریاں صحیح طریقے سے ادا نہیں کر سکوں گا لہٰذا میں نے اس پیشکش کو مسترد کردیا۔

اطلاعات کے مطابق سابق آسٹریلین کرکٹر میتھیو ہیڈن ان کی جگہ کمنٹری کے فرائض انجام دینے کیلئے کہا جا سکتا ہے تاہم میتھیو ہیڈن تاحال اس کی تردید کی ہے۔

ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے اختتام پر سات ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

Read Comments