Dawn News Television

شائع 22 مارچ 2017 11:46pm

قبل از وقت موت کا خطرہ ظاہر کرنے والی علامت

اگر تو آپ سونگھنے کی حس سے محروم ہورہے ہیں تو یہ آئندہ دس برسوں میں کسی بھی وجہ سے موت کی جانب اشارہ بھی ہوسکتا ہے۔

یہ دعویٰ سوئیڈن میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

اسٹاک ہوم یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق درمیانی عمر میں جو لوگ سونگھنے کی حس سے محروم ہوجاتے ہیں ان میں جلد موت کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔

اس سے پہلے سونگھنے کی حس اور الزائمر امراض کے درمیان تو تعلق دریافت کیا گیا تھا مگر یہ پہلی بار ہے کہ یہ علامت قبل از وقت موت کا خطرہ بھی ظاہر کرتی ہے۔

تحقیق کے دوران چالیس سے نوے سال کی عمر کے 1774 افراد کا جائزہ دس سال تک لیا گیا۔

تحقیق کے آغاز پر ان افراد سے تیرہ مختلف خوشبوئیں شناخت کرنے کا کہا گیا۔

محققین کا کہنا تھا کہ لوگوں کی قبل از وقت موت کا خطرہ اس ٹیسٹ کے اسکور سے جانا جاسکتا ہے، ہر غلط جواب دس سال کے دوران جلد موت کا خطرہ آٹھ فیصد بڑھا دیتا ہے۔

تحقیق کے مطابق یہ نتائج اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہیں کہ سونگھنے کی حس کو آزمانا عمر بڑھنے کے ساتھ دماغی صحت کے بارے میں اہم معلومات فراہم کرسکتا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ نتائج سے معلوم ہوا کہ اس حس سے کسی کی موت کے خطرے کی پیشگوئی کی جاسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مزید تحقیق کرکے ہم حیاتیاتی پراسیس کی نشاندہی کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ اس کی وضاحت کرسکیں۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ کسی عارضی وجہ سے اس حس سے محرومی کے شکار افراد کو گھبرانے کی ضرورت نہیں کیونکہ وہ کسی اور عارضے کا نتیجہ ہوسکتی ہے اور جلد بحال ہوجاتی ہے۔

یہ تحقیق طبی جریدے جرنل آف دی امریکن گیسٹرکس سوسائٹی میں شائع ہوئی۔

Read Comments