Dawn News Television

شائع 24 مارچ 2017 02:10pm

انسٹاگرام کا نیا فیچر کاروبار کیلئے فائدہ مند

فیس بک کی فوٹو شیئرنگ ایپلیکیشن انسٹاگرام بہت جلد صارفین کے لیے ایک ایسا فیچر متعارف کروانے جارہی ہے جو ان کی کاروباری زندگی کے لیے بھی خاصی فائدہ مند ثابت ہوگی۔

اب آپ اس ایپ پر لائیک اور کمنٹ کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی مطلوبہ چیزوں کے لیے بُکنگ بھی کروا سکتے ہیں۔

اس فیچر کے ذریعے صارفین کو یہ سہولت مہیا کی جائے گی کہ وہ اپنی اپائنمنٹ بُک کرواسکیں اور ساتھ ہی کاروباری افراد اس پر اپنا بزنس بھی چلا سکتے ہیں۔

اس ایپلیکیشن پر 'ریویوز' کا آپشن بھی شامل کرنے کا ارادہ کیا جارہا ہے، جہاں لوگ کسی بھی چیز کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرسکیں گے۔

انسٹاگرام کے ہیڈ آف بزنس جیمز کارلز کا کہنا تھا کہ 'جب کوئی انسٹاگرام پر اپائنمنٹ بُک کروائے گا، تو اس کے لیے لائیک یا فالو کا بٹن نہیں بلکہ ایکشن کا بٹن استعمال ہوگا'۔

انہوں نے مزید کہا کہ کاروباری افراد کو اندازہ ہوگا کہ انسٹاگرام پر بنایا ہوا ان کا اکاؤنٹ کتنا مؤثر ہے۔

جیمز کے مطابق 8 ملین کے قریب کاروباری افراد کے انسٹاگرام اکاؤنٹس موجود ہیں اور 80 فیصد صارفین کمپنیز کو فالو بھی کرتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ نیا فیچر چند ماہ میں متعارف کروادیا جائے گا۔

Read Comments