Dawn News Television

اپ ڈیٹ 25 مارچ 2017 11:27am

یاسر حسین کا تحریر کردہ پہلا ڈرامہ 'شادی'

اپنے مداحوں کو 'کراچی سے لاہور' اور 'ہو من جہاں' جیسی فلموں کی مزاحیہ کہانی سے محظوظ کرنے والے پاکستانی اداکار اور لکھاری یاسر حسین نے ایک ٹی وی ڈرامے کے لیے اسکرپٹ لکھا ہے، جو شادی پر مبنی ہے۔

اس ڈرامے کا نام بھی 'شادی' رکھا گیا ہے جبکہ نام سے اس ڈرامے کی کہانی ان ہی عام ڈراموں جیسی لگ رہی ہے جو عموماً ٹی وی نشر کیے جارہے ہوتے۔

یاسر حسین نے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے اس ڈرامے میں اپنے کردار کے حوالے سے بتایا کہ 'یہ ڈرامہ ایک ایسے لڑکے کے بارے میں ہے جس کی والدہ اس کی شادی اپنی پسند کی لڑکی سے کروانا چاہتی ہیں، لیکن وہ کسی اور سے پیار کرتا ہے'۔

ویسے تو کہانی سُن کر ایسا محسوس ہورہا ہے جیسے ڈرامے میں بہت رونا دھونا پیش کیا جائے گا، لیکن یاسر حسین کے مطابق اس ڈرامے کہ کہانی 80 اور 90 کی دہائی کے ڈراموں جیسی ہے۔

یاسر حسین کے لیے یہ ڈرامہ کافی خاص ہے، کیوں کہ یہ پہلا ڈرامہ ہے جس کی کہانی انہوں نے لکھی اور وہ خود اس میں مرکزی کردار بھی ادا کریں گے۔

وجاہت رؤف کی ہدایات میں بننے والا ڈرامہ 'شادی' رواں سال عید الفطر پر نشر کیا جائے گا، جس میں یاسر حسین کے ساتھ کبریٰ خان، سادیہ فیصل، بشریٰ انصاری اور سلمان شاہد کام کرتے نظر آئیں گے۔

Read Comments