Dawn News Television

اپ ڈیٹ 25 مارچ 2017 06:02pm

ثانیہ سعید اور عتیقہ اوڈھو ڈرامے کیلئے اکھٹے

آج کل پاکستانی ڈراموں میں سماجی مسائل کو کافی حد تک پیش کیا جارہا ہے اور پاکستان کی دو معروف اداکارائیں عتیقہ اوڈھو اور ثانیہ سعید بھی اس دوڑ کا حصہ بننے جارہی ہیں۔

عتیقہ اور ثانیہ بہت جلد ایک ساتھ 'پیاری بٹو' نامی ڈرامے میں کام کرتی نظر آئیں گی، جو الزائمر کے مرض کے موضوع پر مبنی ہے۔

ٹی وی ڈرامہ 'پیاری بٹو' کی کہانی ساجی گل نے تحریر کی ہے۔

ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے ساجی گل نے بتایا کہ اس ڈرامے کی کہانی بچے کو گود لینے اور اُن رشتوں پر بنائی گئی جنہیں لوگ غیر اہم تصور کرتے ہیں، اداکارہ سنعیہ شمشاد اس ڈرامے میں عتیقہ اوڈھو کی بیٹی کا کردار ادا کررہی ہیں، جنہیں ان کی پھپو ثانیہ سعید نے گود لے لیا۔

عتیقہ اوڈھو کے کردار کے حوالے سے انھوں نے مزید بتایا کہ 'اس ڈرامے میں عتیقہ کا کردار کافی منفی انداز میں پیش کیا گیا ہے، جو کافی منفرد ہوگا'۔

دوسری جانب عتیقہ اوڈھو کا ماننا ہے کہ یہ کردار ان کے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ 'پیاری بٹو ایک دلچسپ پروجیکٹ ہے کیوں کہ میرا کردار اس میں کافی وسیع ہے، مجھے امید ہے مداحوں کو اس ڈرامے میں میرا کام پسند آئے گا'۔

تاہم جو بات انہیں سب سے زیادہ متاثر کررہی ہے وہ ہے پُرانے ساتھیوں کے ساتھ کام کرنا، اس حوالے سے انہوں نے کہا 'میں اس ڈرامے کے لیے بےحد پرجوش ہوں کیوں کہ یہ خاندانی کہانی پر مبنی ہے جس میں بہترین کاسٹ کو شامل کیا گیا ہے، میری دو پُرانی دوستیں ثانیہ سعید اور فرح شاہ اس ڈرامے میں میرے سال کئی سالوں بعد کام کرنے جارہی ہیں، اب یہ وقت بتائے گا کہ پیاری بٹو ناظرین کو کیسا لگے گا'۔

اس ڈرامے کی کاسٹ میں 'جیون ہاتھی' کے اداکار فواد خان، فرح شاہ اور راشد فاروقی بھی اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، جس کی پروڈکشن مشرف جعفری کررہے ہیں۔

'پیاری بٹو' رواں سال مئی میں نشر کیا جائے گا۔

Read Comments