Dawn News Television

اپ ڈیٹ 25 مارچ 2017 04:05pm

ترقی بلوچستان اور پاکستان کو آواز دے رہی ہے: وزیر داخلہ

لورالائی: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ فسادی لوگ بلوچ نوجوانوں کا استعمال کرکے خون خرابہ کرنا چاہتے ہیں۔

بلوچستان کے شہر لورالائی میں فرنٹیئر کورپس (ایف سی) کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب میں چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ پاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس کو بلوچستان کا امن لوٹانا ہے، یہ ان کا قومی فریضہ ہے اور اس زمین پر ان کا قرض ہے۔

چوہدری نثار کے مطابق مذہبی شدت پسندی کو ختم کرنا اور ملک کو اس سے چھٹکارا دلانا بھی نئے ایف سی اہلکاروں کی ذمہ داریوں میں سے ایک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے تمام عناصر جو دشمن سے پیسہ لے کر خود عیش کرتے ہیں اور نوجوانوں کو ورغلاتے ہیں ان کا جلد صفایا کردیا جائے گا۔

فسادیوں سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے جوانوں کو پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کی سیکیورٹی کے لیے تیار رہنے کی ہدایت بھی کی۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ترقی بلوچستان اور پاکستان کو آواز دے رہی ہے، فتح بہت قریب ہے اور ملک کا مستقبل انتہائی روشن ہے۔

Read Comments