Dawn News Television

شائع 26 مارچ 2017 04:41pm

اسپیشل ونٹر اولمپکس کے فاتح کھلاڑیوں کی وطن واپسی

اسپیشل ونٹر اولمپکس میں کامیابیوں کے جھنڈے گاڑنے والے 12 خصوصی بچے ملک کا نام روشن کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

آسٹریا میں ہونے والے اسپیشل اولمپکس میں 12 خصوصی کھلاڑیوں نے پاکستان کی نمائندگی کی جن میں چھ لڑکے اور چھ لڑکیاں شامل تھیں۔

رنگا رنگ اختتامی تقریب کے بعد آسٹریا کے شہر گراز میں موجود پاکستان کے اسپیشل ایتھلیٹس کا دستہ وطن واپس روانہ ہوگیا تھا۔

اسپیشل بچوں نے سونے کے تین تمغوں سمیت مجموعی طور پر 16 میڈلز اپنے نام کرکے پاکستان کا نام روشن کیا۔

کوچ انیس الرحمان نے کہا کہ کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی دکھائی اور اگلے سال مزید میڈلز جیت کر پاکستان کا نام روشن کرنے کاعزم ظاہر کیا۔

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کی چیمپیئن پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے میڈلز جیت کر ملک کا نام روشن کرنے والے ہر ایتھلیٹ کیلئے ایک ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔

Read Comments