Dawn News Television

شائع 26 مارچ 2017 05:13pm

لایون آسٹریلیا کو چوتھے ٹیسٹ میچ میں واپس لے آئے

آسٹریلیا نے ناتھن لایون کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت ہندوستان کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ میں واپسی کرتے ہوئے ہندوستان کے چھ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا دی ہے اور اسے اب بھی 52 رنز کی برتری حاصل ہے۔

دھرم شالا میں کھیلے جا رہے سیریز کے چوتھے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کی پہلی اننگز 300 رنز کے جواب میں ہندوستان نے میچ کے دوسرے دن بغیر کسی اسکور کے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو 21 کے مجموعے پر مرلی وجے پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر لوکیس راہل کا ساتھ نبھانے ان فارم چتیشور پجارا پہنچے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے کھانے کے وقفے تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔

راہل اچھی فارم میں نظر آئےلیکن پیٹ کمنز نے 60 رنز بنانے کے بلے باز کی اننگز کا خاتمہ کر کے آسٹریلیا کو دوسری کامیابی دلائی۔

پجارا نے عمدہ بیٹنگ جاری رکھی اور اجنکیا راہانے کے ساتھ مزید 49 رن جوڑ کر اپنی ٹیم کو مضبوط مقام تک پہنچا دیا لیکن 57 رنز بنانے والے پجارا کے پویلین لوٹنے کے بعد ہندوستانی ٹیم دس رنز کے اضافے سے کرن نائر کی وکٹ بھی گنوا بیٹھی۔

قائم مقام کپتان راہانے نے ذمے داری کو محسوس کیا اور روی چندرہ ایشون کے ساتھ 49 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کی ڈبل سنچری مکمل کرائی۔

اسکور 216 رنز تک پہنچا تو ہندوستانی ٹیم مضبوط پوزیشن میں نظر آتی تھی لیکن اس مرحلے پر ناتھن لایون نے ایک مرتبہ اپنے کپتان کی امیدوں پر کھرا اترتے ہوئے راہانے اور ایشون کو یکے بعد دیگرے آؤٹ کیا اور آسٹریلیا کو میچ میں واپس لے آئے۔ انہوں نے چار وکٹیں لیں۔

جب اتار چڑھاؤ سے بھرپور دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو ہندوستان نے چھ وکٹ کے نقصان پر 248 رنز بنائے تھے، رویندرا جدیجا 16 اور وردھیمان ساہا دس رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں اور انڈیا کو آسٹریلیا کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کیلئے مزید 52 رنز درکار ہیں۔

یاد رہے کہ چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز دونوں ٹیموں کے درمیان 1-1 سے برابر ہے۔

Read Comments