Dawn News Television

شائع 12 اپريل 2017 10:35am

علی ظفر کا کنسرٹس میں وی آئی پی کلچر کے خلاف کھلا خط

پاکستان کے نامور اداکار اور گلوکار علی ظفر نے تمام ایونٹ منتظمین کے نام ایک کھلا خط تحریر کیا، جس میں انہوں نے کنسرٹس میں وی آئی پی اور خاص لوگوں کے لیے اسٹیج کے سامنے ایک الگ جگہ مخصوص کیے جانے کے خاتمے کی گزارش کی۔

گزشتہ ہفتے علی ظفر اور عاطف اسلم کے انسٹیٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ (آئی بی ایم) میں ہونے والے کنسرٹ کو لوگوں نے تنقید کا نشانہ بنایا جہاں طلبہ کے بجائے وی آئی پی سیکشن کو اسٹیج کے قریب رکھا گیا، جہاں ہیڈ اور فیکلٹی کے اسٹاف کو بٹھایا گیا تھا۔

اپنے خط میں علی ظفر نے بتایا کہ اس انداز سے ان کی پرفارمنس پر بھی اثر پڑتا ہے۔

انہوں نے لکھا 'ایک پرفارمر ہونے کی حیثیت سے مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ وی آئی پی انداز اُس وجہ کو ختم کردیتا ہے جو میں اپنے ناظرین کے لیے پیش کرنا چاہتا ہوں، میں اور میرے مداح ایک دوسرے سے رابطہ نہیں کرپاتے'۔

انہوں نے مزید لکھا کہ 'کنسرٹ زیادہ تر طلبہ کے لیے منعقد کیا جاتا ہے، جو یہاں محظوظ ہوسکیں، تاہم اسٹیج سے چند خاص مہمانوں کے باعث اتنا دور ہونے کی وجہ سے ان کے سامنے ایک غلط مثال قائم کی جارہی ہے'۔

علی ظفر نے آخر میں اس درخواست کے ساتھ اپنے خط کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی سامعین کو اسٹیج کے سامنے کھڑے ہونے کی اجازت دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ 'میری یہ گزارش ہے کہ اسٹیج کے قریب وی آئی پی ایریا نہ بنایا جائے بلکہ مداحوں اور طلبہ کو آگے آنے کی جگہ ملے'۔

Read Comments