Dawn News Television

شائع 14 اپريل 2017 11:25pm

پی سی بی آفریدی کو فیئرویل دینے پر رضامند

پاکستان کرکٹ بورڈ مصباح الحق اور یونس خان کے بعد اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو بھی الواعی میچ دینے کے لیے تیار ہوگیا اور بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے عالمی شہرت یافتہ آل راؤنڈر کو من چاہی فیئرویل دینے کا اعلان کر دیا۔

پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین اور پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے آج مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو فون کر کے کل ملاقات کے لیے لاہور بلا لیا ہے۔

نجم سیٹھی نے شاہد آفریدی سے رابطہ کر کے انہیں یقین دلایا کہ انہیں باوقار انداز سے رخصت کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے شاہد آفریدی نے بورڈ سے درخواست کی تھی کہ انہیں فیئر ویل میچ دیا جائے تاکہ وہ یادگار طریقے سے کرکٹ سے رخصت ہوں لیکن پی سی بی نے نوجوان کرکٹرز کو موقع دینے کا طبل بجا کر آفریدی کو نہ کھلانے کا عندیہ دیا۔

مزید پڑھیں: ’پی سی بی نہ بھولے کہ کھلاڑیوں کی وجہ سے ہی کرکٹ بورڈ ہے‘

گزشتہ دنوں شاہد آفریدی نے بورڈ کے رویے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرکٹ بورڈ کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ بورڈ کھلاڑیوں کی وجہ سے ہی ہوتا۔

پی سی بی کے ذرائع کے مطابق سابق کپتان اتوار کو دو دن کے لئے دبئی روانہ ہورہے ہیں اور ان کی وطن واپسی پر نجم سیٹھی سے ملاقات متوقع ہے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا کہ آل راؤنڈر کو جولائی میں شیڈول بنگلہ دیش کے خلاف ٹی20 سیریز میں فیئرویل میچ کھلائے جانے کاامکان ہے۔

واضح رہے کہ پی سی بی نے دورہ ویسٹ انڈیز کے اختتام پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے مصباح الحق اور یونس خان کے اعزاز میں بھی تقریب منعقد کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ اور سیریز کے بعد انہیں شایان شان طریقے سے الوداع کہا جائے گا۔

Read Comments