Dawn News Television

اپ ڈیٹ 22 اپريل 2017 01:07pm

’رومانوی فلم میں کام کرنا چاہتی ہوں‘

بولی وڈ اداکار سشمیتا سین اپنے کیریئر میں رومانوی، کامیڈی اورایکشن فلموں میں کام کرچکی ہیں، تاہم طویل عرصے سے وہ اسکرین سے غائب ہیں۔

اور اب اداکارہ نے ایک بار پھر فلموں میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق سابق مس یونیورس کا کہنا تھا کہ وہ روزانہ فلموں کے اسکرپٹس پر غور کررہی ہیں تاہم اب تک کوئی ایسی کہانی سامنے نہیں آئی جو ان کی توجہ حاصل کرسکے۔

41 سالہ سشمیتا سین نے کہا، ’میں نے کامیڈی، ہارر، ڈرامائی تمام فلموں میں کام کیا، لیکن اس وقت میں ایک بہترین رومانوی فلم میں کام کرنا چاہتی ہوں‘۔

خیال رہے کہ سشمیتا سین آخری مرتبہ 2010 کی فلم ’نو پرابلم‘ میں نظر آئی تھیں۔

انہوں نے 1994 میں 'مس یونیورس' کا خطاب اپنے نام کیا۔

سشمیتا سین ’بیوی نمبر ون‘، ’میں ہوں ناں‘ اور ’میں نے پیار کیوں کیا‘ جیسی فلموں میں کام کرچکی ہیں۔

Read Comments