Dawn News Television

اپ ڈیٹ 24 اپريل 2017 09:50am

ذہنی طور پر جوان رہنے کا راز

ویسے تو چقندر کا رس فشار خون کو کم کرنے سمیت فالج اور دل کے دورے جیسے جان لیوا امراض سے بھی تحفظ دینے میں مددگار ثابت ہوتا ہی ہے، تاہم ایک حالیہ تحقیق کے مطابق یہ ذہنی طور پر جوان رہنے میں بھی مدد فراہم کرتا ہے۔

چقندر کے جوس میں شامل اجزاء انسانی جسم اور دماغ کو تقویت پہنچا کر ذہن کو متحرک رکھتے ہیں، جس کی وجہ سے انسان ہر وقت خود کو متحرک محسوس کرتا ہے۔

امریکی ریاست شمالی کیرولینا کی ویک فوریسٹ یونیورسٹی کے ماہرین کی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ چقندر کا جوس بڑھتی عمر کے افراد کے ذہن کو تقویت پہنچا کر اسے فعال رکھتا ہے، جس سے بزرگ افراد کو جوان ہونے کا احساس ہوتا ہے۔

ماہرین کی جانب سے تحقیق کے لیے ایسے رضاکار مرد وخواتین پر تجربہ کیا گیا جن کی عمریں 55 برس یا اس سے زائد تھیں اور انہیں ہائی بلڈ پریشر کا مرض بھی لاحق تھا، جب کہ یہ کوئی ایکسر سائز بھی نہیں کرتے تھے۔

ماہرین نے ان مرد و خواتین کو ہر 50 منٹ میں ہلکی پھلکی ایکسرسائز سے پہلے چقندر کے جوس کا ایک گلاس دیا اور پھر انہیں چلنے پھرنے اور ایکسر سائز میں حصہ لینے کے لیے کہا۔

تحقیق میں شامل تمام افراد چقندر کا جوس پینے کے بعد نہ صرف ایکسرسائز میں فعال رہے، بلکہ ان کا بلڈ پریشر بھی نارمل ہونے سمیت دماغ بھی متحرک ہوگیا۔

چقندر کا جوس پینے والے افراد نے بتایا کہ دماغی تقویت پہنچنے کے بعد انہوں نے خود کو کمر عمر پایا۔

ماہرین کے مطابق چقندر کے جوس کے ساتھ ساتھ اگر ایکسرسائز کی جائے تو اس عمل سے نہ صرف ذہنی طور پر جوان رہا جا سکتا ہے، بلکہ اس سے بلڈ پریشر میں کمی اور جسمانی تندرستی و مضبوطی بھی حاصل ہوتی ہے، جس سے انسان خود پر جلد بڑھاپا طاری نہیں کرتا۔

Read Comments