Dawn News Television

شائع 24 اپريل 2017 12:40am

نڈال نے 10واں مونٹی کارلو ماسٹرز جیت کر تاریخ رقم کردی

مونٹی کورلو: عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار اسپین کے رافیل نڈال نے ہم وطن البرٹ راموس ونولاس کو شکست دے کر ریکارڈ دسویں مرتبہ مونٹی کارلو ماسٹرز جیت کر نئی تاریخ رقم کردی۔

نڈال ایک عرصے سے خراب فارم کا شکار تھے لیکن انہوں نے فارم میں واپسی کا ثبوت دیتے ہوئے گزشتہ ایک سال میں پہلا ایونٹ جیت کر آئندہ ماہ دسواں فرنچ اوپن ٹائٹل جیتنے کے امکانات روشن کر لیے ہیں۔

30 سال رافیل نڈال نے 76 منٹ تک جاری رہنے والے فائنل میں ہم وطن البرٹ راموس کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6-1 اور 6-3 سے شکست دے کر دسویں مرتبہ ایونٹ جیتے کا ریکارڈ قائم کردیا۔

رافیل نڈال کلے کورٹ کے ماہر سمجھے جاتے ہیں اور اپنے پسندیدہ کورٹ پر یہ ان کا 50واں ٹائٹل تھا جبکہ وہ مجموعی طور پر اپنے کیریئر میں 70 ٹائٹل جیت چکے ہیں۔

نڈال نے 2005 سے 2012 تک لگاتار یہ ٹائٹل جیتا لیکن پھر ان کی فتوحات کے سلسلے کو سربیا کے نوواک جوکووچ نے 2013 میں شکست دے کر بریک لگا دیا تھا۔

14 مرتبہ کے گرین سلیم چیمپیئن رافیل نڈال اس فتح کی بدولت 1968 سے شروع ہونے والے ٹینس کے نئے عہد ’’اوپن ایرا‘‘ میں کوئی بھی ایک ایونٹ دس مرتبہ جیتنے والے دنیا کے واحد کھلاڑی بن گئے ہیں اور اب بارسلونا ماسٹرز اور پھر فرنچ اوپن جیت کر یہ دونوں تائٹلز بھی دس دس مرتبہ جیتنے کا نیا ریکارڈ بنا دیں گے۔

Read Comments