اسپینش لیگ: اعصاب شکن مقابلے میں بارسلونا کامیاب
میڈرڈ: اسپینش فٹبال لیگ میں روایتی حریف بارسلونا اور ریال میڈرڈ کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا جس میں بارسلونا نے 2-3 سے کامیابی اپنے نام کرلی۔
امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے بارسلونا کے اسٹار فٹبالر لائنل میسی نے مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد ملنے والے انجری ٹائم میں فیصلہ کن گول کرکے اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرایا۔
یہ میچ میں لائنل میسی کا دوسرا گول تھا جس کے ساتھ میسی نے اپنے کیریئر کے 500 گول بھی مکمل کرلیے ہیں۔
ریال میڈرڈ کے ہوم گراؤنڈ برنابیو میں کھیلے جانے والے میچ کا پہلا گول ریال میڈرڈ کے کیسمیرو نے 28 ویں منٹ میں کیا جسے بارسلونا کے لائنل میسی نے 33 ویں منٹ میں ہی برابر کردیا۔
کھیل کے 73 ویں منٹ میں بارسلونا کے راکیٹک نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کو برتری دلادی لیکن یہ زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی اور 85 ویں منٹ میں میڈرڈ کے روڈریگوئز نے مقابلہ دو دو سے برابر کردیا۔