دنیا کی وزنی ترین خاتون کی صحت معمہ بن گئی
وزن میں کمی کی غرض سے سرجری کے لیے بھارت کا رخ کرنے والی مصر کی 36 سالہ ایمان احمد کی بہن شائما سلیم نے آپریشن کرنے والے سرجن ڈاکٹر مفضل لکڑا والا اور ان کے ہسپتال کو 'جھوٹا' قرار دے دیا۔
بھارتی ویب سائٹ ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق ایمان احمد کی بہن کا دعویٰ ہے کہ بھارتی ڈاکٹرز نے دواؤں کی بھاری مقدار استعمال کرکے ان کی دماغی سرگرمی کو متاثر کردیا ہے جبکہ ایمان کے وزن میں بھی کوئی خاطر خواہ کمی سامنے نہیں آئی۔
یاد رہے کہ رواں سال فروری میں دنیا کی وزنی ترین خاتون ایمان احمد کو علاج کے لیے مصر سے کارگو طیارے کے ذریعے ہندوستان لایا گیا تھا۔
500 کلوگرام وزنی خاتون ایمان کی بہن نے گذشتہ سال اکتوبر میں ممبئی کے سیفی ہسپتال کے ڈاکٹر سے اپنی بہن کے علاج کے لیے رابطہ کیا تھا جس کے بعد سیفی ہسپتال کے سرجن ڈاکٹر مفضل لکڑاوالا نے انہیں ایمان کے کامیاب علاج کی یقین دہانی کرائی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا کی وزنی ترین خاتون کی سرجری کامیاب
بعد ازاں گذشتہ ماہ بھارتی ڈاکٹرز نے دنیا کی سب سے وزنی قرار دی جانے والی مصری خاتون کی کامیاب سرجری کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
تاہم اچانک منظرعام پر آنے والی ایمان احمد کی بہن کی ویڈیو کے بعد وزنی ترین خاتون کی صحت معمہ بن گئی ہے۔
ممبئی کے سیفی ہسپتال کے حکام کا کہنا ہے شائما سلیم یہ بہانہ بنا کر ایمان احمد کا ہسپتال سے ڈسچارج روکنا چاہتی ہیں کیونکہ انہیں مصر میں کوئی بھی مفت علاج کی سہولیات فراہم کرنے کو تیار نہیں۔
ہسپتال کا مزید کہنا ہے کہ وہ ایمان کے سفر، علاج اور سرجری پر 2 کروڑ روپے خرچ کرچکے ہیں، جبکہ ان کی صحت کو مزید بہتر بنانے کے لیے دنیا بھر سے عطیات اکھٹے کیے گئے۔
مزید پڑھیں: دنیا کی وزنی ترین خاتون کے وزن میں 120 کلوگرام کمی
سیفی ہسپتال کے ڈاکٹرز نے پیر (24 اپریل کو) ایمان کی ایک تصویر بھی جاری کی جس میں انہیں ٹیلی ویژن دیکھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔