Dawn News Television

اپ ڈیٹ 25 اپريل 2017 07:54pm

چیمپیئنز ٹرافی کیلئے انگلش اسکواڈ کا اعلان

لندن: انگلش کرکٹ بورڈ نے چیمپیئنز ٹرافی اور جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے فاسٹ باؤلر مارک وُڈ کو ٹیم کا حصہ بنا لیا ہے۔

گیارہ ون ڈے میچ کھیلنے والے مارک وڈ کے ساتھ ساتھ لیام پلنکٹ کو بھی اسکواڈ میں کر لیا گیا ہے لیکن آئرلینڈ کے خلاف دو میچوں کی سیریز کیلئے جوز بٹلر، بین اسٹوکس اور کرس ووکس کو انڈین پریمیئر لیگ کھیلنے کی وجہ سے ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

کندھے کی انجری کے سبب ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز سے باہر ہونے والے ڈیوڈ ولی کو بھی چیمپیئنز ٹرافی اسکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔

انگلینڈ کے سلیکٹر جیمز وائٹیکر نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ 18 ماہ کے دوران ہم نے حوصلہ افزا ون ڈے کرکٹ کھیلی، ہم نے تمام شعبوں میں کارکردگی کو مدنظر رکھ کر بہترین کھلاڑیوں کا انتخب کیا اور اعلان کردہ اسکواڈ مستقل مزاجی کی نشاندہی کرتا ہے۔

آٹھ ملکی چیمپیئنز ٹرافی میں انگلینڈ گروپ اے میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے ساتھ موجود ہے اور اپنا پہلا میچ ایشیائی ٹیم کے خلاف کھیلے گی۔

چیمپیئنز ٹرافی کیلئے انگلینڈ کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

آئن مورگن(کپتان)، جونی بیئر اسٹور، سیم بلنگز، معین علی، جوز بٹلر، ایلکس ہیلز، جیک بال، لیام پلنکٹ، عادل راشد، جو روٹ، جیس رائے، بین اسٹوکس، ڈیوڈ ولی، کرس ووکس اور مارک وڈ۔

Read Comments