Dawn News Television

اپ ڈیٹ 26 اپريل 2017 09:54am

سماعت متاثر کرنے والی ایک عام عادت

آج کل اسمارٹ فونز کا استعمال بہت عام ہے اور بیشتر نوجوان اس کے ساتھ ایئرفون کو بھی موسیقی یا آڈیو سننے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ اس وقت ہر 5 میں سے ایک نوجوان کو ان ایئر فونز کے استعمال کے باعث قوت سماعت سے محرومی کے خطرے کا سامنا ہے۔

یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

نیویارک یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ آخر یہ عام نظر آنے والے ایئر فون سننے کی حس کے خاتمے کا سبب کیوں بنتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق جب ایئرفون لگائے جاتے ہیں تو یہ کان کے پردے کے کافی قریب ہوتے ہیں اور ان سے آواز کافی زیادہ دباﺅ سے پردے سے ٹکراتی ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ اس کے نتیجے میں سننے کی حِس دباؤ یا تناﺅ کا شکار ہوتی ہے اور اس کو نقصان پہنچنا شروع ہوجاتا ہے۔

یہ بھی سامنے آیا کہ اگر آواز کی رینج کو 3 سے 6 ڈیسی بل تک بڑھایا جائے تو آواز کی شدت کانوں میں دوگنا زیادہ بڑھ جاتی ہے۔

محققین کا ماننا ہے کہ ایئرفونز کے استعمال کے نتیجے میں صرف ایک گھنٹے میں کان اپنی روزانہ کی آواز برداشت کرنے کی صلاحیت کا 60 فیصد حصہ استعمال کرلیتے ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ اگر آپ بہت زیادہ اونچی آواز میں موسیقی سننے کے لیے ایئر فونز کا استمعال کرتے ہیں تو اس کی جگہ ہیڈفون کو ترجیح دیں کیونکہ یہ سماعت کو پہنچنے والے نقصان کو کم کردیتے ہیں۔

Read Comments