Dawn News Television

شائع 27 اپريل 2017 07:52pm

وکالت کے خواہشمند ظفر 25 سال کی عمر میں ریٹائر

انگلینڈ کے ابھرتے ہوئے نوجوان آل راؤنڈر ظفر انصاری نے صرف 25 سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کر کے سب کو حیران کردیا ہے اور اب وہ وکالت میں کیریئر بنائیں گے۔

آٹھ سال کی عمر سے انگلینڈ کی کاؤٹی سرے سے منسلک ظفر انصاری نے کہا کہ دو دہائیوں تک کرکٹ کھیلنے اور سات سال پروفیشنل کرکٹر کی حیثیت سے گزارنے کے بعد یہ فیصلہ کرنا بہت مشکل تھا لیکن میں نے کرکٹ کیریئر کے اختتام کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری زندگی کے اور بھی خواب ہیں جنہیں میں پورا کرنا چاہتا ہوں اور اب اسی غرض سے میں وکالت میں کیریئر بناؤں گا۔

2014 میں سرے نے ظفر انصاری کو ڈیبیو کرایا اور اسی سال انہوں نے انگلینڈ کیلئے بھی پہلا میچ کھیلا اور ان کی ٹیسٹ میچ کھیلنے راہ ہموار ہو گئی تھی لیکن ہاتھ کی انجری کے سبب 2015 میں ٹیسٹ ڈیبیو نہ کر سکے البتہ گزشتہ سال بنگلہ دیش کے خلاف انہوں نے ڈیبیو کیا۔

یاد رہے کہ آل راؤنڈر نے 2013 میں کیمبرج یونیورسٹی سے سیاست، فلسفے اور سوشیولوجی میں ڈگری حاصل کی اور پھر گزشتہ سال یونیورسٹی آف لندن رائل ہولو وے سے تاریخ کے مضمون میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی تھی۔

Read Comments