Dawn News Television

اپ ڈیٹ 06 مئ 2017 10:40pm

دنیا کی ایک چوتھائی آبادی فیس بک کی دیوانی

آپ چاہے فیس بک کو پسند کریں یا اس سے نفرت کریں مگر آپ کو ماننا پڑے گا کہ اس کا جادو دنیا کی 25 فیصد سے زائد آبادی پر چل چکا ہے۔

جی ہاں فیس بک کے ماہانہ صارفین کی تعداد 1.94 ارب تک جاپہنچی ہے اور چند ہفتوں میں یہ 2 ارب کا جادوئی ہندسہ عبور کرجائے گی۔

فیس بک نے گزشتہ دنوں اپنی سہ ماہی رپورٹ پیش کی جس کے مطابق اس کے ماہانہ صارفین کی تعداد تین ماہ کے دوران ایک ارب 86 کروڑ سے بڑھ کر 1.94 ارب ہوگئی ہے۔

اسی طرح روزانہ اس سماجی رابطے کی سائٹ کو استعمال کرنے والوں کی تعداد 1.28 ارب ہوگئی ہے۔

1.94 ارب کا ہندسہ بہت بڑا ہے کیونکہ اس وقت ایک اندازے کے مطابق دنیا کی کل آبادی ساڑھے سات ارب کے قریب ہے۔

تو ایسا لگتا ہے کہ فیس بک پر خودکشیوں اور قتل و غارت کی ویڈیوز پوسٹ ہونے سے کوئی خاص فرق نہیں پڑا کیونکہ اس کے صارفین اور آمدنی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جو کہ تین ماہ کے دوران آٹھ ارب ڈالرز کمانے میں کامیاب رہی جو کہ گزشتہ سال کی اسی سہ ماہی کے مقابلے میں 49 فیصد زیادہ ہے۔

ویسے آج کل فیس بک کے بانی مارک زکربرگ صارفین کی تعداد سے زیادہ ان کے سوشل میڈیا نیٹ ورک کے لوگوں پر مرتب ہونے والے اثرات کے حوالے سے زیادہ فکر مند ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ پرتشدد مواد کی روک تھام کے لیے وہ مزید تین ہزار افراد کی خدمات حاصل کرنے کا اعلان کرچکے ہیں جبکہ کمپنی جعلی خبروں اور افواہوں کی روک تھام کے لیے بھی متعدد اقدامات کررہی ہے۔

سہ ماہی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ میسنجر اور واٹس ایپ کے ماہانہ صارفین کی تعداد ایک ارب 20 کروڑ سے زائد جبکہ انسٹاگرام استعمال کرنے والے 70 کروڑ ہیں۔

Read Comments